سری نگر:حالیہ کئی دنوں سے سہ پہر ،شام اوردوران شب بارشیں ہونے کے بیچ محکمہ موسمیات نے 19سے21جولائی تک جموں وکشمیرمیں گرج چمک کیساتھ اچھی بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے ساتھ ہی کہاہے کہ18جولائی تک موسم ابروآلودرہنے کے بیچ وقفے وقفے سے بارشیں ہونے کاامکان ہے ۔کشمیرنیوزسروس (کے این ایس )کے مطابق محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہاہے کہ صوبہ جموں کے کئی علاقوں بالخصوص پونچھ ،راجوری اورریاسی کے علاوہ کشمیر وادی میں بھی کہیں کہیں 19سے21جولائی تک ہلکی تا درمیانہ درجے کی بارشوں کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔انہوں نے موسمی حال واحوال بیان کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیرمیں19سے21جولائی تک بارشوں کااگلامرحلہ ہوگا اوراس دوران گرج چمک کیساتھ اچھی اورموسلادار بارشیں ہونے کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس کاکہناتھاکہ پونچھ ،راجوری اوردیگرکچھ کمزوریاآسیب پذیر علاقوںمیںکہیں کہیں ’سیلابی ریلے ‘آنے کاامکان بھی ہے کیونکہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ایسے علاقوں میں زمین پہلے ہی مکمل طور سیرہوچکی ہے۔سونم لوٹس نے موسمیاتی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردارکیا کہ جن علاقوں میں سیلابی ریلے آنے کاخطرہ یاامکان ہے ،وہاں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے بتایاکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں یعنی بدھ کی شام سے جمعرات کی صبح تک سری نگرمیں ایک اعشاریہ تین ،جموں میں 25اعشاریہ آٹھ ،بٹوت میں19.6،کٹرہ میں 13.8،بانہال میں 1.2،بھدرواہ میں7.2،پہلگام میں13.7،گلمرگ میں8.8،قاضی گنڈمیں3.2،کوکرناگ میں1.4اورکپوارہ میں بھی 1.4ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جموں وکشمیر میں اس دوران کم سے کم درجہ حرارت10ڈگری سیلشیس درج کیاگیا۔