نیوز ڈیسک//
سرینگر /8جولائی:جموں و کشمیر بہت تیزی سے امن، ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہے کی بات کرتے ہوئے بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگوں کا جمہوریت میں مکمل اعتماد پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے یوٹی خاص طور پر وادی میں بی جے پی کی ترقی کی تعریف کی جہاں پارٹی کی پہلے نہ ہونے کے برابر موجودگی تھی لیکن اب وہ وہاں بڑی ریلیاں کر رہی ہے۔نڈا نے کہا کہ مرکز نے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کیا ہے اور جموں کشمیر اب امن اور ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ سی این آئی کے مطابق نئی دہلی میں ریاستوں اور یوٹیز صدور اور شمالی زون کے جنرل سکریٹری (تنظیموں) اور قومی عہدیداروں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا نے کہا کہ جموں و کشمیر بہت تیزی سے امن، ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا ’’جموں و کشمیر میں امن، ترقی اور خوشحالی بحال ہوئی ہے۔ یوٹی کے لوگوں کو جمہوریت پر پورا بھروسہ ہے۔ یہ اب جموں و کشمیر میں خوشحالی کا دورہے ـ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب وزیر اعظم نریندر مودی کی تمام لوگوں کے ساتھ ایک جیسا سلوک کرنے اور معاشرے کے ہر طبقے کو انصاف فراہم کرنے کی پالیسی کی وجہ سے ہے۔جموں و کشمیر سے، میٹنگ میں یو ٹی بی جے پی کے سربراہ رویندر رینا اور جنرل سکریٹری (تنظیموں) اشوک کول نے شرکت کی۔انہوں نے کہا ’’آج بی جے پی وادی کشمیر میں بڑی ریلیاں نکال رہی ہے۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں کوئی بی جے پی کا جھنڈا نہیں اٹھاتا تھا۔ پارٹی نے جموں اور کشمیر میں مضبوط ترقی ریکارڈ کی ہے‘‘، واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں جموں و کشمیر کے اپنے تین روزہ دورے کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بارہمولہ اور راجوری میں زبردست ریلیوں سے خطاب کیا تھا۔ جموں و کشمیر کے بی جے پی لیڈر بھی وادی کے مختلف حصوں میں ریلیوں سے خطاب کر رہے ہیں۔