نیوز ڈیسک//
سرینگر/09جولائی :کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے پارٹی کو ’’لوٹ کی دکان اور جھوٹ کا بازار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس اگر وہ اقتدار میں رہتی ہے تو ملک کو کھوکھلا کردیتی ہے اور جب وہ اقتدار سے باہر ہوجاتی ہے تو اسے گالی دے کر ملک کو بدنام کرتی ہے۔سی این آئی کے مطابق راجستھان میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ملک کو تباہ و برباد کرنے کا کام کیا ۔ وزیر اعظم نے الزام لگایا کہ اشوک گہلوت حکومت نے بدعنوانی، جرائم اور خوشامد کی سیاست کے معاملے میں اپنے لیے ایک نئی شناخت بنائی ہے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ راجستھان کو جل جیون مشن کے نفاذ میں سرفہرست ہونا چاہیے تھا، لیکن آج وہ پسماندہ ریاستوں میں شامل ہے۔کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ اقتدار میں رہتی ہے تو ملک کو کھوکھلا کردیتی ہے اور جب وہ اقتدار سے باہر ہوجاتی ہے تو اسے گالی دے کر ملک کو بدنام کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے لیڈر بیرون ملک جا کر ہندوستان کو گالی دیتے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ’’کانگریس کا ایک ہی مطلب ہے.لوٹ کی دکان اورجھوٹ کا بازار ‘‘ ۔ وزیر اعظم نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے اپنی پارٹی کے محبت کی دْکان کھولنے کے بارے میں بار بار کیے جانے والے تبصروں پر واضح طنز کرتے ہوئے کہا یہ صرف نفرت کا بازار ہے ۔ مودی نے کہا کہ راجستھان حکومت کے خلاف عوامی غصہ بڑھ گیا ہے، اور جب ایسا ہوتا ہے تو اقتدار میں رہنے والوں کو ہٹانے میں کوئی وقت نہیں لگتا۔