سری نگر:جموں وکشمیر کے چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اس حوالے سے تازہ سرکیولر جاری کرتے ہوئے 22سال کی سروس مکمل کرچکے اور48سال کی عمر کوپہنچنے والے سبھی سرکاری ملازمین کی کارکردگی کاجائزہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔خیال رہے گزشتہ برس اکتوبرکے مہینے میں حکومت ِجموں وکشمیرنے جموں وکشمیرسیول سروس ریگولیشنزکے دفعہ226(2)میں ترمیم کرتے ہوئے اسبات کی راہ ہموار کردی تھی کہ جن سرکار ی ملازمین کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی ہوگی ،اورجن کی سروس کے22سال پورے ہوئے ہونگے اورجن کی عمر48سال ہوگی ،اُن کوملازمتوں سے قبل ازوقت ریٹائر کردیاجائے گا۔کشمیرنیوزسروس (کے این ایس )کے مطابق جموں وکشمیرکے چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتانے 15جولائی کوجاری کردہ ایک سوکیولرمیں تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں سے کہاہے کہ وہ متعلقہ محکموں میں 22سال کی سروس مکمل اور48سال عمر کے ایسے تمام ملازمین کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے عمل میں تیزی لائیں،اوریہ دیکھیں کہ ایسے کون سے ملازمین کام کے اعتبارسے ناکارہ ہیں اورکام جاری رکھنے کے اہل نہیں ہیں ۔انہوں نے اپنے جاری کردہ سرکیولرمیں انتظامی سیکرٹریوں سے کہاہے کہ وہ مذکورہ بالازمرے میں آنے والے تمام سرکاری ملازمین کی کارکردگی کاجائزہ لیکر ایسے ملازمین کی نشاندہی کریں جوکام کے اعتبارسے ناکارہ ہیں اورموجودہ عہدہ یاذمہ داری جاری رکھنے کے اہل نہیں ہیں۔چیف سیکرٹری نے انتظامی سیکرٹریوں سے کہاہے کہ وہ کام کے اعتبارسے ناکارہ اورموجودہ عہدہ یاذمہ داری جاری رکھنے کے حوالے سے نا اہل ملازمین کی نشاندہی کاکام مکمل کرکے ان کی لسٹ جائزہ کمیٹی کے سامنے پیش کریں تاکہ ان کی فہرستوں کومجاز اتھارٹی کے پاس ضروری غور کیلئے بھیجاجائے ۔