جموں، 17 جولائی:سرحدوں پر فضا میں ڈرونز نمودار ہونے کے بڑھتے ہوئے واقعات اور سرحد پار سے در اندازی کی کوششوں کے پیش نظر ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر فوج کو سیگ سوور اسالٹ رائفلز اور ایچ ڈی نائٹ وژن کیمروں سے لیس کر دیا گیا ہے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ فوج نے جموں خطے میں ایل او سی کے نزدیک علاقوں میں چوکسی کو مزید بڑھا دیا ہے اور فوجی جوانوں کو جدید سیگ سوور اسالٹ رائفلز سے لیس کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات فوجی جوانوں کو جدید ساز وسامان جیسے ایچ ڈی نائٹ وژن کمیرے بھی فراہم کئے گئے ہیں۔مذکورہ ذرائع نے کہا کہ سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے باوجود بھی سرحد پار سے دراندازی کی کوششیں کرنے کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے فوجی جوانوں کو جدید ترین ساز وسامان سے مسلح کیا گیا ہے۔دفاعی ذرائع نے کہا کہ ڈرون خطروں سے نمٹنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔بتا دیں کہ جموں ایئر فورسز اسٹیشن پر ماہ رواں کے اوائل میں ہی اپنی نوعیت کا پہلا ڈرون حملہ ہوا تھا۔اس کے بعد جموں کے سرحدی علاقوں میں لگ بھگ آئے دن فضا میں مشتبہ ڈرونز گردش کرتے ہوئے دیکھے جاتے ہیں جس کے پیش نظر یونین ٹریٹری کے کئی اضلاع کے مجسٹریٹوں نے ڈرونز اور ہوا میں اڑائی جانے والی دوسری چیزوں کے استعمال، ٹرانسپورٹیشن اور خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ (یو این آئی)