نیوز ڈیسک/
سری نگر، 25 اکتوبر:معروف بالی ووڈ ڈائریکٹر بی سبھاش کا کہنا ہے کہ کشمیر میں 60 اور 70 کی دہائیوں کی طرح فلموں کی دوبارہ شوٹنگ شروع ہونے چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس دور میں زیادہ تر فلموں کی شوٹنگ کشمیر میں ہی ہوتی تھی۔موصوف ڈائریکٹر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو یہاں ٹیگور ہال میں منعقدہ بین الاقوامی فلم فیسٹول کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’60 اور 70 کی دہائیوں میں بالی ووڈ کی زیادہ تر فلموں کی شوٹنگ کشمیر میں ہی ہوتی تھی ہم چاہتے ہیں وہ دور دوبارہ شروع ہونا چاہئے’۔ان کا کہنا تھا: ‘بیچ میں کچھ گڑ بڑ کی وجہ سے ہم یہاں نہیں آسکے لیکن اب یہاں دوبارہ کام شروع ہونا چاہئے’۔مسٹر سبھاش نے کہا کہ بیرون ممالک جانے سے بہتر ہے کہ کشمیر میں ہی فلمیں بنائی جائیں۔انہوں نے کہا: ‘میں بچپن میں یہاں آیا تھا اور پھر 1983 – 84 میں اپنی ایک فلم کی شوٹنگ کے لئے یہاں آیا تھا جو بہت ہی مشہور ہوئی’۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لوگوں کی محبت تو دنیا میں مشہور ہے ۔بتادیں کہ سری نگر کے ٹیگور ہال میں بدھ کے روز انٹرنیشنل فلم فیسٹول آف سری نگر شروع ہوا۔متعلقہ ذرائع کے مطابق اس فیسٹول میں 37 ممالک سے 2 سو سے زیادہ فلمیں جمع کرائی گئی ہیں جن میں سے دو روزہ فیسٹول کے لئے 17 شاندار فلموں کی سکریننگ کا انتخاب کیا گیا ہے۔