نیوز ڈیسک//
سرینگر/25اکتوبر: فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل وی آر چودھری نے اوڑی اور کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کا دورہ کرکے وہاں اگلی چوکیوں کا معائنہ کیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے وہاں تعینات فوجی اہلکاروں اور فضائیہ کے اہلکاروں سے بھی بات چیت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق فضائیہ کے سربراہ مارشل وی آر چودھری نے شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے علاقوں کا دورہ کیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے وہاں تعینات فوجیوں اور فضائیہ کے اہلکاروں کے ساتھ دسہرہ کا تہوار بھی منایا ۔ فضائیہ کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کنٹرول لائن کے ساتھ آئی اے ایف کے سربراہ نے آئی اے ایف اور فوجی جوانوں کے ساتھ دسہرہ منانے کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی اے ایف کے سربراہ کے دورے نے فوج کے اعلیٰ افسران کے ساتھ آگے کے علاقوں میں فوجیوں کے ساتھ تہوار منانے کی روایت کو جاری رکھا۔انہوں نے کہا ’’ دسہرہ کے موقع پر، ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل وی آر چودھری نے جموں و کشمیر میں اوڑی اور کپواڑہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب آگے کے مقامات کا دورہ کیا تاکہ ہندوستانی فضائیہ اور وہاں تعینات ہندوستانی فوج کے دستوں سے ملاقات کی جاسکے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورے پر آئے ہوئے ایئر چیف مارشل نے شمالی کشمیر میں ایل او سی پر تعینات فوجیوں کو دسہرہ پر مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔خیال رہے کہ پچھلے سال دیوالی کے موقع پر بھی اے سی ایم چودھری نے ایل او سی کے ساتھ آگے کے علاقوں کا دورہ کیا تھا تاکہ وہاں تعینات فوجیوں سے ملاقات کی جا سکے۔