پلوامہ//ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ نے آج کہا کہ وبائی مرض کی تیسری لہر کو روکنے کیلئے کووڈ مناسب طریقہ کار ایک آسان اور موثر ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کسی قسم کی نرمی کے خلاف انتباہ کیا اور کہا کہ کورونا وائیرس نئے سرے سے ابھرنے اور پیچھے ہٹنے کے نئے طریقے ڈھونڈتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین اور کووڈ مناسب طرز عمل اس کی بحالی کو روکنے کیلئے بہت ضروری ہے ۔ ڈی سی نے کہا کہ دُنیا کے اعلیٰ محققین ، وائیرولوجی ماہرین اور وابستہ ماہرین ایک اور لہر کے امکان کے بارے میں مستقل انتباہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس وائیرس کو دوبارہ پھیلنے کا کوئی موقع فراہم نہ کرے ۔ ڈی سی نے عید الاضحی کے موقعہ پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ وہ ایام عیدکے دوران خاص طور پر منڈیوں ، مسجدوں ، عوامی پارکوں ، بازاروں وغیرہ میں تمام کووڈ ایس او پیز کی پیروی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سی اے بی کو ہمارے معمولات کا حصہ بننا چاہیئے اور جب معاشرتی ، مذہبی اور دیگر اجتماعات میں بھی وائرس کے خطرے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں تو اس کی باقاعدگی سے پیروی کی جانی چاہئیے ۔ ان باتوں کا اظہار ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ نے یہاں ڈی سی آفس کمپلیکس میں ضلع میں کووڈ منظر نامے کے بارے میں میڈیا اَفراد کو تفصیلات دینے کے دوران کیا ۔ ویکسی نیشن کے ا عداد و شمار پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈی سی نے بتایا کہ اب تک 263445 سے زیادہ خوراکیں فراہم کی گئی ہیں ۔ ڈی سی نے بتایا کہ عوامی پارکوں میں سی اے بی کی پابندی کو یقینی بنانے کیلئے اے ڈی سی اور تحصیلداروں کی رہنمائی میں ٹیمیں زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں ۔ یہ ٹیمیں باقاعدہ مارکیٹ چیکنگ بھی کر رہی ہیں ۔ کووڈ کنٹرول میں شامل ہر فرد کے اعتراف کی تعریف کرتے ہوئے ڈی سی نے وبائی بیماری کو موثر طریقے سے روکنے کیلئے تخفیف کی کوششوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا ۔