کشمیر انفو//
سری نگر/30؍اکتوبر:چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سوموار کو بینکٹ ہال سری نگر میں ایک میگا عوامی دربار کی صدارت کی اور ضلع کے لوگوں کے مسائل اور مطالبات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پرکمشنر سیکرٹری جی اے ڈی،صوبائی کمشنر کشمیر ، وی سی ایل سی ایم اے ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، ایس ایم سی ، ناظم سکولی تعلیم ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹ ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، مختلف محکموں کے سربراہان، ایس ایس پی سرینگر، ایس ایس پی ٹریفک، آر اینڈ بی کے چیف انجینئران، پی ڈی ڈی، پی ایچ ای اور ضلعی اِنتظامیہ کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل سری نگر ملک آفتاب احمد، وائس چیئرمین ڈی ڈی سی بلال احمد بٹ، پی آر آئی کے نمائندے اور مختلف وفود بھی میگا عوامی رابطہ پروگرام کا حصہ تھے۔عوامی دربار کو عوام کی جانب سے زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیا جس میںلوگوں نے چیف سیکرٹری کو اپنے ترقیاتی مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا اور ان کے ازالے کے لئے ان سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔وفود نے عوامی رابطہ پروگرام پر اطمینان کا اِظہار کیا اور کہا کہ یہ انہیں اپنی شکایات اور حکومت کو مناسب چینلوں کے ذریعے حل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ افسران کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں کہ وہ وفود اور افراد کی طرف سے پیش کردہ تمام مسائل کا جائزہ لیں اور ان کے جلداز جلد ازالے کے لئے کارروائی شروع کریں۔لوگوں نے بنیادی طور پر کچھ سڑکوں، وقفے وقفے سے پانی کی فراہمی، دیہات میں صحت سہولیات کی بہتر فراہمی اور صحت عامہ کے اداروں میں بنیادی ڈھانچے میں اضافے سے متعلق شہری مسائل کے بارے میں ان سے رابطہ کیا۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی کھنموہ کی قیادت میں ایک وفد نے اَپنے علاقے میں تجاوزات، آبپاشی کی بہتر سہولیات، غیر قانونی کان کنی اور صنعتی اخراج کا مسئلہ اٹھایا۔وانیہامہ کے ایک وفد نے اپنے علاقے میں وقفے وقفے سے پانی کی فراہمی کا مسئلہ ُاٹھایا۔ پنتھہ چوک کے ایک وفد نے سٹیشن میں پانی کی نکاسی کا مسئلہ اُٹھایا اور کہا کہ نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے نشیبی علاقوں کو برسات کے موسم میں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اسی طرح لسجن کے ایک اور وفد نے اَپنے علاقے میں سکولوں کے بنیادی ڈھانچے اور نکاسی آب کے نیٹ ورک کی اَپ گریڈیشن پر زور دیا۔ہارون کے ایک وفد نے پی ایچ سی او رکھیل میدان کی اَپ گریڈیشن کا معاملہ اُٹھایا۔یوتھ کلبوں کے ایک اور وفد نے بھی چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا سے ملاقات کی اور اپنے متعدد مسائل اُٹھائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہر نوجوان کو موقعہ ملے اور وہ اَپنی اُمنگوں اور لگن سے آگے بڑھائیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ لوگوں کو اَب دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری آفیسر آن لائن دائر کی گئی شکایات پر کام کرنے میں کوئی نااہلی نہیں دکھا سکتا کیونکہ خدمات کے لئے آن لائن درخواست کا جواب نہ دینے پر افسران کو جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔اُنہوں نے متعلقہ سربراہان کوہدایت دی کہ وہ حکومت کے اقدامات اور سکیموں کو مقبول بنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوسکیں۔ڈاکٹرارون کمار مہتا نے تمام افراد اور وفود کو یقین دِلایا کہ ان کے پیش کردہ مسائل اور جائز مطالبات کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے عوامی دربار کے دوران اٹھائے گئے عوامی مسائل کے بروقت ازالہ کے لئے متعلقہ اَفسران کو موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی طور پر مقامات کا دورہ کریں۔