کشمیر انفو//
بانڈی پورہ/30؍اکتوبر//سیکرٹری قبائلی امور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے سوموار کو یہاں منی سیکرٹریٹ میں عوامی دربار اور شکایات ازالے کیمپ کی صدارت کی اور لوگوں کی شکایات اور مطالبات کا جائزہ لیا۔تقریب کا آغاز رشوت کے خلاف ویجی لنس ویک 2023ء کے آغاز کے موقعہ پر ’دیانیت داری کے عہد‘کی تقریب سے ہوا جس میں تمام شرکأ نے اِس عزم کا اِظہار کیا کہ وہ زندگی کے تمام شعبوں میں قانون کی حکمرانی پر عمل کریں گے اور عوامی مفادات میں ایمانداری سے کام انجام دینے کے لئے نہ تو رشوت لیں گے اور نہ ہی پیش کریں گے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر اویس احمد نے چیئرمین کو ضلع کی مجموعی ترقیاتی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔اِس موقعہ پرچیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل کٹھوعہ عبدالغنی بٹ، وائس چیئرپرسن ڈی ڈی سی کوثر شفیق، ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد، ایس ایس پی بانڈی پورہ لکشے شرما،صدر میونسپل کونسل بانڈی پورہ بشارت نجار، نوڈل آفیسر کوآرڈی نیشن محمد اشرف حکاک کے علاوہ مختلف وفود موجود تھے۔عوامی دربار کو معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے زبردست ردِ عمل دیکھنے میں آیا جہاں لوگوں نے ڈاکٹر شاہد اقبال کو مقامی لوگوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے ازالے میں مداخلت کی درخواست کی ۔ چیئر مین ڈی ڈی سی نے مطالبات کی ایک یادداشت پیش کی جس میں دیہی اِنجینئرنگ وِنگ اورآر ڈی ڈی میں افرادی قوت کی ضرورت ، آفات سماوی کی وجہ سے پیدا ہونے والے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے کیپیکس سے بچ جانے والے فنڈز کا اِستعمال وغیرہ شامل ہیں ۔ ڈی ڈی سی وفد نے بانڈی پورہ کے مختلف علاقوں بشمول کیٹسن ، اراگام، سریندر کے علاوہ دیگر علاقوں کو سیاحت کے نقشے پر لانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کے ممبران نے اپنے اپنے علاقوں سے متعلق مسائل جیسے کہ تباہ شدہ فصلوں کا معاوضہ ، اونچی جگہوں پر سڑکوں کا رابطہ ، پانی کے ذخائیر کے قریب سیلاب زدہ اور متاثرہ علاقوں کیلئے مضبوط طریقہ کار وضع کرنا ، بے زمین خاندانوں کیلئے زمین ، خالی آسامیوں کو پُر کرنا ، سی ایچ سی سنبل میں بلڈ بینک کا مطالبہ ، حاجن میں کالج کی عمارت کی جلد تعمیر جیسے مطالبات پیش کئے ۔ ڈاکٹر شاہد اقبال نے ڈی ڈی سی ڈاکٹر غلام مصطفی کی قیادت میں قبائلی وفد کی شکایات پر بھی توجہ دی جس نے ضلع کے بالائی علاقوں میں انفرسدٹرکچر کی ترقی کیلئے محکمہ جنگلات سے این او سی جیسے مسائل پیش کئے تھے ۔ اس موقع پر ضلع میں قبائلی اسکول اور قبائلی گیسٹ ہاوس کا مطالبہ بھی اٹھایا گیا ۔ محکمہ جنگلات کی طرف سے این او سی سے متعلق قبائلیوں کے مسئلہ پر جواب دیتے ہوئے سیکرٹری نے اس معاملے کے جلد ازالے کی یقین دہانی کرائی ۔ یکرٹری نے موقع پر ہی ضلع میں قبائلی گیسٹ ہاوس کے قیام کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر کئی دیگر وفود اور افراد نے بھی اپنے مطالبات پیش کئے ۔قبل ازیں سیکرٹری موصوف نے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے اسٹالز کا بھی معائینہ کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر شاہد اقبال نے کاروبار اور دیگر آمدنی والے یونٹس سے متعلق مختلف استفادہ کنندگان کو اتھارٹی اور منظوری کے خطوط دئیے ۔ سیکرٹری موصوف نے ممکن اسکیم سے مستفید ہونے والوں کو گاڑیوں کی چابیاں بھی دیں ۔ ڈاکٹر شاہد اقبال نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطالبات کو متعلقہ محکموں کے نوٹس میں لایا جائے گا اور ان کی شکایات کے بروقت ازالے کی یقین دہانی کرائی ۔