جموں /08 ؍دسمبر//
جموں کشمیر رورل لائیولی ہڈس مشن (جے کے آر ایل ایم) کے عملے کے لئے ویژن ڈیولپمنٹ پروگرام پر پانچ روزہ ورکشاپ آج یہاں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ہے۔
ورکشاپ کا مقصدجے کے اار ایل ایم کے بلاک اور ضلعی سطحوں پر غیر زرعی ذریعہ معاش پیدا کرنے والے پروگراموں کوعملانے میںملازمین کی استعداد کار میں اِضافہ کرناتھاجس کا اِنعقاد این آر او کدمبشری کے ماہرین کی ایک ٹیم نے کیا جس نے سیلف ہیلپ گروپ ( ایس ایچ جی) کی خواتین کو اَپنے کاروبار قائم کرنے کے لئے کاروباری منصوبہ بندی کی حکمت عملی پر تربیت فراہم کی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر رورل لائیولی ہڈس مشن (جے کے آر ایل ایم) نے کدمبشری این آر او کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں ۔ یہ مفاہمت نامہ جموںوکشمیر میں رورل کمیونٹیوں کی مدد کے لئے ان آرگنائزیشنوں کے درمیان عزم اوراِشتراک کو اُجاگر کرتا ہے ۔
پانچ دِن اس پروگرام میں کاروباری کامیابی کے لئے ایک روڈ میپ پیش کیا گیا جس میں موجودہ کاروباری اِداروں کے لئے ترقی کے تصور ، ترقی کی منصوبہ بندی کی تیاری ، کاروبار کو بڑھانے کے لئے کاروباری بنیادی ڈھانچے کی مدد ، مؤثر نگرانی اور کاروباری منصوبہ بندی جیسے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔
ورکشاپ کے دوران مشن ڈائریکٹرجے کے آر ایل ایم اِندو کنول چِب نے اپنی قیمتی معلومات اور رہنمائی کا اِشتراک کیا۔ اُنہوں نے معاش کی ترقی کے اَقدامات کے لئے ایک مضبوط بنیاد بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور مسلسل سیکھنے اور اختراعیت کی ضرورت کو اُجاگر کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ ہمارے عملے کے لئے ایک موقع ہے کہ وہ غیر زرعی ذریعہ معاش پیدا کرنے والے پروگراموں کو نافذ کرنے میں اَپنی صلاحیتوں اور علم میں مزید اِضافہ کریں اور اپنی سمجھ اور مہارت کو مضبوط بنا کر ہم نچلی سطح پر ایک اہم مثبت اثر اَداکرسکتے ہیں اور رورل کمیونٹیوں کی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
اُنہوں نے کاروباری ترقی اور آپریشنز کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرنے کے لئے کدمبشری این آر او کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ورکشاپ نے جے کے آر ایل ایم کے عملے کو غیر زرعی ذریعہ معاش پیدا کرنے والے پروگراموں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لئے ضروری علم اور مہارت سے لیس کیا ہے۔ این آر او کدمبشری کے ساتھ جے کے آر ایل ایم کا تعاون انتہائی فائدہ مند رہا ہے اور ہم مستقبل میں تعاون کے منتظر ہیں۔
اِس موقعہ پر پروگرام منیجر انٹرپرائزز ڈومین کدمبشری این آر او پرشانت ایم پی نے خطاب کرتے ہوئے شرکأ پر زور دیا کہ وہ مخصوص علاقے میں کاروباری سرگرمیوں سے متعلق اعداد و شمار کا تجزیہ کرکے انٹرپرائز تخلیق کے ممکنہ شعبوں کو تلاش کریں۔
اُنہوں نے مزیدکہاکہ سیلف ہیلپ گروپس کے لئے ایک دیرپا کاروباری ماحولیاتی نظام کی تشکیل کے لئے ایس ایچ جی کے اراکین کو مسلسل مدد کی ضرورت ہے۔
پانچ روزہ ورکشاپ کے دوران عملے کے ارکان مختلف سیشنوں میں سرگرم عمل رہے جس میں استفساری بات چیت اور مختلف بلاکوں و اضلاع سے متعلق ممکنہ کاروباری اداروں کے کاروباری منصوبوں کی پرزنٹیشن شامل تھی۔