سری نگر /18 ؍دسمبر2023ء
ڈائریکٹر سیری کلچر جموںوکشمیر اعجاز احمد بٹ نے آج کسان سکل ٹریننگ پروگرام کا اِفتتاح ڈائریکٹر سینٹرل سیری کلچر ریسرچ اینڈ ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ سی ایس بی پانپور ڈاکٹر این کے بھاٹیہ ،سائنٹسٹ۔ ڈی ڈاکٹر راجیش کمار اور سی ایس بی کے دیگر فیکلٹی ممبران کی موجودگی میں کیا۔
اس ٹریننگ کا اِنعقاد سینٹرل سلک بورڈ نے اَپنے پی فور بیسک سیڈ فارم میں محکمہ سیری کلچر ڈیولپمنٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔
مذکورہ ٹریننگ میں ضلع گاندربل اور بانڈی پورہ کے زائد اَز 50 کسان حصہ لے رہے ہیں۔
ڈائریکٹر سیری کلچر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نچلی سطح پر جدید ترین ٹیکنالوجیوںجیسے فائدہ اُٹھانے کے لئے ریریئرز کی باقاعدگی سے سکل اَپ گریڈیشن کی ضرورت پر روشنی ڈالی تاکہ ککون کے معیار اور اس کی پیداواری صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ سطح پر بڑھانے کے لئے ان کے اعتماد میں اَضافہ کیا جاسکے۔
اُنہوں نے اَپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ریشم کے کیڑے پالنے والوں کے لئے صلاحیت سازی کے پروگرام کے ایک حصے کے طور پر سیری کلچر اور ہنر کی اَپ گریڈیشن کو تحریک دینے کے لیے ٹھوس کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ سلک وارم ریریئرز کے لئے صنعتی سیری کلچر پر مبنی تربیتی پروگراموں کے اِنعقاد کے لئے سکاسٹ اور دیگر اِداروں سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے ۔
اعجاز احمدبٹ نے کہا کہ سیری کلچر ڈیپارٹمنٹ جموں و کشمیر سلک اِنڈسٹری کے فروغ کے لئے اہم شعبوں پر توجہ دے رہا ہے اور اِس سمت میں شراکت داروں کو مکمل تربیت دینے کی ضرورت ہے۔
اُنہوں نے وسائل کے اِستعمال اور زمینی سطح پر مسائل کی نشاندہی پر بھی زور دیا اور کسانوںسے کہاکہ وہ اِس تربیتی پروگرام کے دوران سائنسدانوں کے ساتھ مکمل بات چیت کریں۔
ڈائریکٹر موصوف نے دورے کے دوران ضلع میں محکمہ جاتی نرسریوں اور فارموں کا بھی دورہ کیا اور ککون کی پیداوار کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا اورضلع میں کاشتکاروں کو معیاری ککون کی پیداوار کے لئے شہتوت کے پودے کی فراہمی کا جائزہ لیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ریشم کے کیڑے پالنے والوں کو درپیش کسی بھی مشکل کا سامنا ہونے پر وہ براہ راست ضلعی افسران اور تحصیل سطح افسران سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ وہ سیری کلچر سے متعلق کسی بھی مدد کے لئے جموں (موبائیل: 9419518139) اور سری نگر (موبائیل: 9419004960) دونوں ڈائریکٹوریٹ کے تکنیکی حصوں کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔
اِس موقعہ پر ڈائریکٹر موصوف نے سی ایس بی اِنستی چیوٹ میں شہتوت کا پودا لگایا۔