سری نگر،18مارچ:بھارتیہ جنتاپارٹی کے سینئر لیڈر ایڈوکیٹ سنیل سیٹھی نے پیر کے روز کہاکہ کشمیر کے حالات کو معمول پر لانے میں یہاں کے میڈیا نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کے لئے شدومدسے تیاریاں شروع کی ہیں اور آنے والے دنوں کے دوران بڑی ریلیاں منعقد ہو نگی۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے گزشتہ پانچ سال سے جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے نمایاں کام کیا اور انہیں ہر سہولیات فراہم کیں۔
ایڈوکیٹ سنیل سیٹھی نے کہاکہ ہم پارلیمانی انتخابات کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں ، پی ایم مودی نے کشمیرکو امن کا گہوارا بنایا اور لوگ آج آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بی جے پی جموں وکشمیر میں سیاحتی شعبے کو مزید آگے بڑھانے ، تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں فراہم کرنے اور پرائیوٹ سیکٹر کو مستحکم کرنے کی خاطر کام کرئے گی۔
انہوں نے کہاکہ میڈیا نے کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔
ان کے مطابق پازٹیو رپورٹنگ کی وجہ سے حالات کو معمول پر لانے میں مدد ملی ، یہاں جو میڈیا سے جڑے لوگ رپورٹنگ کرتے ہیں ملک کے ساتھ ساتھ بیرونی ممالک میں بھی اس کو دیکھا جاتا ہے ۔
سنیل سیٹھی نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر جموں وکشمیر میں بھاجپا کی جانب سے بڑی عوامی ریلیاں منعقد کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے پروگراموں کو حتمی شکل دی جارہی ہیں۔
اپوزیشن کی جانب سے ای وی ایم مشینوں پر سوالات اٹھانے کے بارے میں سنیل سیٹھی نے کہا جن لوگوں کو معلوم ہے کہ وہ چناو ہار رہے ہیں وہ اب بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر ای وی ایم مشینوں میں گڑھ بڑھی ہے تو بھاجپا کسی بھی ریاست میں الیکشن نہیں ہارتی ۔
ان کے مطابق اس بار ہمیں پوری امید ہے کہ کشمیر میں بھی کنول کا پھول کھلے گا۔ ایڈوکیٹ سنیل سیٹھی نے کہاکہ ستر برسوں کے بعد کشمیر میں حالات تبدیل ہوئے ہیں ۔
اسمبلی انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے اور ایک سوال کے جواب میں بی جے پی لیڈر نے کہاکہ اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن کرانا اور باقی ریاستوں میں زمین و آسمان کا فرق ہے کیونکہ یہاں پر بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کرناپڑتا ہے جو پارلیمانی چناو کے دوران ممکن نہیں ہو پاتا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سری نگر، بارہ مولہ اور اننت ناگ پارلیمانی نشستوں کے امیدواروںکا اعلان چند روز کے اندرا ندر کیا جائے گا۔