سرینگر /18اگست//کانگریس پارٹی کی مرکزی قیادت جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کیلئے علاقائی پارٹی کے ساتھ اتحاد پر کوئی فیصلہ لے گی کی بات کرتے ہوئے کانگریس لیڈر الکا لمبا نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پارٹی کی ساخت کو مضبوط بنا کر آگے لیجائیں ۔ سی این آئی کے مطابق اننت ناگ کے ویری ناگ علاقے میں کانگریس کے خواتین کنونشن میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکا لمبا نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی مرکزی قیادت جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کیلئے علاقائی پارٹی کے ساتھ اتحاد پر کوئی فیصلہ لے گی ۔ انہوں نے کہا ’’ہم نے لوک سبھا انتخابات میں اتحاد کیا تھا اور کشمیر میں تین میں سے دو جیتے تھے۔ اب، اسمبلی انتخابات کیلئے اتحاد کے فیصلے پر پارٹی کی مرکزی قیادت یہاں کی مقامی قیادت کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے اور جو بھی فیصلہ وہ کریں گے، لوگوں کو معلوم ہو جائے گا۔ ‘‘ ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے سربراہ غلام نبی آزاد کے دوبارہ کانگریس میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کے بارے میں پوچھے جانے پر لامبا نے کہا کہ کانگریس ’’بڑے دل ‘‘کے ساتھ واپسی پر سب کا استقبال کرے گی۔انہوں نے کہا ’’میں نے آزاد صاحب سے بات نہیں کی اور نہ مجھے معلوم ہے، لیکن کانگریس پارٹی کا دل بہت بڑا ہے۔ کانگریس چھوڑنے کا فیصلہ ان کا اپنا تھا، پارٹی کا نہیں۔ ہماری پارٹی کا دل بہت بڑا ہے، جو لوگ پارٹی چھوڑ کر گئے تھے وہ واپس آ رہے ہیں اور ہم واپس آنے والے ہر ایک کو خوش آمدید کہتے ہیں کیونکہ یہ لڑائی جموں و کشمیر میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے ہے‘‘۔