سری نگر، 18 اگست// قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام شعبہ اردو کشمیر یونیورسٹی کے اشتراک سے چنار اردو کتاب میلہ کے اردو پویلین میں محفل افسانہ بابت اطفال کے عنوان سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
اس کتاب میلہ میں رتن سنگھ کنول نے ‘منگو کا پچھتاوا’، دیپک کنول نے ‘خوبصورت بلا’، مشتاق مہدی نے’ گل احمر’ اور ڈاکٹر نظیر مشتاق نے ‘ببلو’ کے عنوان سے کہانیاں سنائیں۔ ان کہانیوں میں بچوں کی صحت کے لیے جو چیزیں مضر ہیں ان کی نشاندہی کی گئی اور بتایا گیا کہ بچے کس طرح سماج اور اپنے لیے مفید بن سکتے ہیں۔
اس تقریب کی نظامت ڈاکٹر ریاض توحیدی نے کی۔ اس موقعہ پر پروفیسر عارفہ بشری،پروفیسر عادل آمین کاک، ڈاکٹر راشد عزیز، ڈاکٹر اے کرشنا، ڈاکٹر روشن لال، پرویز مانوس وغیرہ بڑی تعداد میں اہل علم طلبا و طالبات موجود رہے۔
پہلے دن کی طرح آج بھی صبح سے ہی شائقین کتب کی بڑی تعداد ایس کے آئی سی سی سری نگر کے چنار بک فیسٹیول /چنار اردو کتاب میلہ میں دیکھنے کو ملی۔
واضح رہے کہ یہ چنار اردو کتاب میلہ /چنار بک فیسٹیول 17 اگست سے شروع ہوکر 25 اگست 2024 تک چلے گا. اردو پویلین میں 19 اگست 2024 کو صبح ساڑھے گیارہ بجے سے محفل غزل و موسیقی اور دوپہر ڈھائی بجے سے مشاعرہ کا انعقاد کیا جائے گا۔