یو این آئی
سری نگر؍جماعت اسلامی 18 ستمبر سے شروع ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کئی حلقوں سے آزاد امید وار میدان میں اتارے گی جبکہ چند نشستوں پر ہم خیال آزاد امیدواروں کی حمایت کرے گی۔
جماعت اسلامی کے ایک عہدیدار نے کہاکہ ہمارے لئے سبھی سیاسی پارٹیوں کے لئے دروازہ کھلے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار جماعت اسلامی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ چونکہ مرکزی حکومت نے جماعت اسلامی پر پابندی عائد کر رکھی ہے لہذا ہم براہ راست الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے تاہم بلاواسط طورپر ہم چناو لڑنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم چاہتے تھے کہ مرکزی حکومت جماعت اسلامی پر عائد پابندی ہٹائے تاکہ بطور پارٹی ہم اسمبلی چناو میں حصہ لیتے لیکن ایسا ممکن نہ ہو پایا۔
مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ چونکہ اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جمہوری عمل میں حصہ لیں گے اسی لئے ہم خیال آزاد امیدواروں کو اپنی حمایت دیں گے۔
انہوں نے کہا :’ہم نے متعدد آزاد امیدواروں کے ساتھ رابط قائم کیا ہوا ہے۔ ‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم آزاد امیدواروں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور جو بھی ہمارے لئے مناسب ہوگا اسی پر عمل پیرا ہونگے۔
ان کے مطابق جو امیدوار جماعت اسلامی پر عائد پابندی کو ختم کروانے میں ہماری معاونت کرئے گا اس کی حمایت کی جائے گی۔
دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اپنے امیدواروں کو میدان میں اتار نے پر سنجیدگی کے ساتھ غور و غوض کر رہی اور اسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت جماعت نے کئی افراد کو بطور آزاد امیدوار میدان میں اتار کر انہیں اپنی حمایت و معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔