سری نگر؍سری نگر کے داچھی گام جنگل علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان جاری انکائونٹر میں ایک عدم شناخت ملی ٹنٹ ہلاک ہوا ہے ۔حکام نے بتایا کہ طرفین کے درمیان پیر کی شام اس وقت فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جب پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیموں نے ملی ٹنٹوں کی موجودگی کے بارے میں ایک مخصوص انٹیلی جنس ان پٹ کے بعد داچھی گام کے جنگل کے بالائی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران گذشتہ رات طرفین کے درمیان آمنا سامنا ہوا جس کے نتیجے میں انکائونٹر چھڑ گیا۔ایک پولیس افسر نے کہا: ‘انکائونٹر کے دوران اب تک ایک دہشت گرد مارا گیا اور آپریشن ابھی جاری ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ مہلوک کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کی جار ہی ہے ۔قبل ازیں کشمیر زون پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘خصوصی انٹلی جنس اطلاع کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز کی مشترکہ پارٹیوں نے داچھی گام جنگل کے بالائی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا’۔انہوں نے کہا: ‘اس دوران طرفین کے درمیان آمنا سامنا ہوا اور علاقے میں آپریشن جاری ہے ‘۔فوج کی چنار کور نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ 2 دسمبر2024 کوخصوصی انٹلی جنس ان پٹ کی بنیاد پرفوج اور پولیس نے سری نگر کے داچھی گام جنگل کے بالائی علاقے میں مشترکہ آپریشن شروع کر دیا’۔انہوں نے کہا: ‘تلاشی کے دوران طرفین کے درمیان ابتدائی رابطہ ہوا اور آپریشن جاری ہے ‘۔قابل ذکر ہے کہ یہ سری نگر کے مضافات میں تین ہفتوں میں ہونے والا دوسرا انکائونٹر ہے ۔داچھی گام کے جنگل سری نگر کے قریب واقع ہے اور جنوبی کشمیر اور وسطی کشمیر کے علاقوں کو جوڑتا ہے ۔