سری نگر؍؍ جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے پاندریٹھن علاقے میں اتوار کی شام کرایہ کے کمرے میں ایک ہی کنبے سے وابستہ پانچ افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ معلوم ہوا ہے کہ مہلوکین میں نو مولود سمیت تین بچے بھی شامل ہیں۔پولیس اور فارینسک ٹیموں نے بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی ہے۔اطلاعات کے مطابق سری نگر کے پارندریٹھن علاقے میں اتوارکی شام اس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب کرایہ کے کمرے سے ایک ہی کنبے سے وابستہ پانچ افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ذرائع نے بتایا کہ جب رہائشی کمرے سے کافی دیر تک کوئی باہر نہیں آیا تو مقامی لوگوں نے پولیس کو اس بات کی جانکاری فراہم کی۔پولیس ٹیم فوری طوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور کمرے میں بے ہوش پانچ افراد کو ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے سبھی کو مردہ قرار دیا۔پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ شام دیر گئے پاندریٹھن میں کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر تین بچوں سمیت پانچ افراد کو بے ہوش پایا گیا چنانچہ انہیں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے والدین اور ان کے تین بچوں کو مردہ قرار دیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس اور فارینسک ٹیموں نے تحقیقات شروع کی ہے کہ مذکورہ افراد کی کیسے اور کن حالات میں موت واقع ہوئی ہے۔پولیس عہدیدار نے بتایا کہ فی الحال موت کی وجوہات کے بارے میں وثوق کے ساتھ کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔ان کے مطابق ہو سکتا ہے کہ دم گھٹنے کی وجہ سے مذکورہ افراد کی موت واقع ہوئی ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی موت کی وجوہات کے بارے میں وثوق کے ساتھ کچھ کہاجاسکتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔