سرینگر//وادی کشمیر کے ایک ہونہار کلاکار عبادت بٹ کا نیا میوزک ایلبم ‘قلم’ کو موسیقی کی دنیا میں بہت سراہا جارہا ہے۔یہ ایلبم حال ہی میں منظرعام پر آچکا ہے۔اس سے قبل عبادت 250میوزک ایلبم بناچکے ہیں جن میں سے 150 ریلیز ہوچکے ہیں۔ کشمیری ،اردو اور انگریزی زبانوں میں اپنے میوزک ایلبم پیش کرنے والے عبادت کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے ہی موسیقی کی طرف راغب تھے ۔انہوں نے حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم ‘پیار میں قربان ‘ میں بھی ایک چھوٹے بھائی کا رول ادا کرکے بالی ووڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے اپنے اس نئے ایلبم کو گلمرگ کی خوبصورت وادیوں میں فلمایا ہے۔گلمرگ کی خوبصورتی اورموسیقی کے اس بہترین امتزاج کو موسیقی کے شائقین تک پہنچانے میں اس کے والدامتیاز بٹ کا خاص رول ہے جو اس ایلبم کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔یاد رہے کہ امتیاز بٹ بھی فلم ‘پیار میں قربان’ میں بھوانی کے کردار میں نظر آئے ۔ان کا کہناہے کہ کوئی بھی ایلبم یا فلم میںکوئی بھی کردارادا کرنے کیلئے کلاکار کی لگن ، محنت اورپُرجوش ہونا لازمی ہے۔امتیاز کا کہنا ہے کہ ‘قلم ‘ نامی یہ ایلبم زی میوزک پر پیش کیا جارہا ہے۔