سرینگر//دلی کے ایک نوجوان گلوکارستیا ٹھاکر نے کشمیر وادی کو موسیقی کیلئے ایک بہترین جگہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کی خوبصورتی اور دلکش نظارے کسی بھی گانے کو چار چاند لگاتے ہیں ۔ انہو ں نے سرینگر سمیت وادی کے مختلف سیاحتی مقامات پر اپنے تین نئے گانے فلمائے جسے وہ اپنی زندگی کا ایک کامیاب تجربہ تصور کرتے ہیں۔ستیا نے انجینئرنگ اور ایم بی اے کی ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا ہے جہاں وہ آج تک ہندی اور اردو زبانوں میں اپنے لکھے ہوئے 25کے قریب گانے نہ صرف گاچکے ہیں بلکہ خودہی کمپوز بھی کئے ہیں۔سرینگر، پہلگام، گلمرگ اور سونہ مرگ میں اپنے تین نئے گانوں (ہوکے جدا،ساتھ تیرا، بے وفا)کو زندگی کا ایک نیا تجربہ قرار دیتے ہوئے ٹھاکرنے کہا کہ کشمیر میں موسیقی کو جاندار بنانے کیلئے سب چیزیں دستیاب ہیں جن میںیہاں کے دکش نظارے، خوبصورت ماحول اور شاندار پس منظر شامل ہے ۔Zee Musicکی طرف سے پیش کئے جانے والے یہ تینوں گانے ہدایت کار امتیاز بٹ کی نگرانی میں سائونڈ گیئر پروڈکشنز(Sound Gear Productions)کی پروڈکشن ہے۔امتیاز بٹ خود ایک کشمیری کلاکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان تینوں گانوں کو فلمانے کیلئے انہوں نے70فیصد کے قریب مقامی اداکاروں کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں ہنر کی کوئی کمی نہیں لیکن اُسے نکھارنے کی ضرورت ہے۔