سری نگر، ؍ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور سپیکر عبدالرحیم راتھر کے درمیان ہفتے کے روز ملاقات ہوئی جس دوران ان کے درمیان آئندہ بجٹ اجلاس پر تبادلہ خیال ہوا۔جموں وکشمیر اسمبلی کا بجٹ اجلاس 3 مارچ کو جموں میں منعقد ہوگا۔ یہ جموں وکشمیر کا یونین ٹریٹری کی حیثیت سے پہلا بجٹ اجلاس ہوگا۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جن کے پاس وزیر خزانہ کا بھی قملدان ہے، 7 مارچ کو بجٹ پیش کریں گے جبکہ 8 مارچ کو بجٹ پرعام بحث ہوگی۔
عمر عبداللہ نے اپنے دفتر کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ہفتے کو ایک پوسٹ میں کہا: ‘ عبدالرحیم راتھر نے مجھ سے آئندہ بجٹ اجلاس، اس کے شیڈول اور اہم قانون سازی کے امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ملاقات کی’انہوں نے کہا: ‘ہم جموں وکشمیر کی تعمیر و ترقی پر توجہ مرکوز کرنے والے ایک نتیجہ خیز بجٹ سیشن کے منتظر ہیں’۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر اسمبلی کے 28 روزہ سیشن کا آغاز 3 مارچ کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے خطاب سے ہوگا جس کے بعد 6 مارچ تک ارکان اسمبلی کی طرف سے شکریہ کی تحریک ہوگی۔