سری نگر؍ پولیس نے سری نگر میں چوری کے ایک معاملے کو چند گھنٹوں میں ہی حل کرکے ملزم کو گرفتار اور مسروقہ مال کو ضبط کیا ہے ۔قومی خبررساں ادارے کے مطابق ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن لال بازار کو مقصود احمد بابا ولد عبد الاحد بابا ساکن ارزن صاحب سوپور حال جوگی ون لال بازار کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ جوگیوان لال بازار میں واقع اس کے دکان میں نا معلوم چورگھس گئے اور 34 ہزار روپیے نقدی اور کچھ تانبے کے برتن چوری کر کے لے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن لال بازار میں ایک مقدمہ زیر نمبر 7/2025 درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔بیان میں کہا گیا کہ سخت کوششوں اور شواہد کے تجزیے کے بعد پولیس ٹیم نے جرم کے ارتکاب کے چند گھنٹوں کے اندر اندر ہی ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جس کی شناخت آصف مجید پرے ولد عبدالمجید پرے ساکن والٹینگو کنڈ کولگام کے طور پر ہوئی ہے ۔موصوف ترجمان نے کہا کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے ایک مقامی مسجد میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا ڈی وی آر چوری کر لیا تھا تاکہ اس کی شناخت ظاہر نہ ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ ملزم کے انکشاف پر 33 ہزار 7 سو 31 روپیوں کی نقد رقم، مسجد رحمان جوگیوان لال بازار کے سی سی ٹی وی کیمرہ کا ڈی وی آر اور تانبے کے برتن بھی برآمد کئے گئے ۔