گاندر بل ؍وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے آج ڈاک بنگلہ گاندر بل میں ایک عوامی دربار طلب کیا ، جہاں انہوں نے ضلع بھر سے متعدد وفود اور افراد کے ساتھ براہ راست بات چیت کی تا کہ اس علاقے کی ترقی سے متعلق معاملات اور دیگر خدشات کو حل کیا جا سکے ۔ عوامی دربار کے دوران وزیر اعلیٰ نے عوام کے ذریعہ اٹھائے گئے معاملات اور مطالبات کو غور سے سُنا اور ان کے ازالے کیلئے متعلقہ حکام کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ عوامی شکایات کے ازالے کو ترجیح دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگ بنیادی ضروریات سے محروم نہ ہوں ۔ گاندر بل کی فلاح و بہبود اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے اپنی وابستگی کی توثیق کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے رہائشیوں کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کو دور کرنے کیلئے مستقل تعاون اور بروقت کارروائی کا وعدہ کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گاندر بل اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ اس موقع پربیہامہ ، ددر ہامہ ، سہپورہ باملورہ ، تُلمولہ ، باروسہ ، تھیرو ، گنگرہامہ، شیر پتھری ، لار ، صفہ پورہ ، گھٹلی باغ اور ضلع کے دیگر حصوں سے مختلف وفود اور سینکڑوں افراد نے اپنے مطالبات درج کروائے ۔ کلیدی مطالبات میں نمایاں مقامات پر فائر سروس اسٹیشنوں کا قیام ، کھیل کے میدانوں کی ترقی ، آبپاشی کی سہولیات میں اضافہ ، ڈسٹرکٹ اسپتال میں خدمت گار سرائے کی تعمیر ، سڑک کی چوڑائی ، باغبانی اور زراعت کی سرگرمیوں کو فروغ دینے ، دریائے سندھ کے آس پاس خوبصورتی کی تقویت شامل ہے ۔ ان امور کے جواب میں وزیر اعلیٰ ، جو جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میںگاندر بل حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں ، نے ڈپٹی کمشنر اور سینئر عہدیداروں کو ہدایات دیں کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام حقیقی خدشات کو بغیر کسی تاخیر کے حل کیا جائے ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ اُن کے حقیقی مسائل پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور انہیں مقررہ ٹائم لائن پر حل کیا جائے گا ۔