نگران نیوز
سری نگر// جموں و کشمیر انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی)نے پیر کو جے کے ہائوسنگ بورڈ کے ایک جونیئر انجینئر اور ان کی اہلیہ کے خلاف مبینہ طور پر ان کی آمدنی کے معلوم ذرائع سے غیر متناسب اثاثے رکھنے کے الزام میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ اے سی بی کے ایک بیان کے مطابق، ایف آئی آر نمبر 18/2020 میں چارج شیٹ کو خصوصی جج انسداد بدعنوانی، سری نگر کی عدالت میں سیکشن 5(1)(e) کے تحت پیش کیا گیا ۔ملزمان کی شناخت جے کے ہائوسنگ بورڈ کے جونیئر انجینئر کے بیٹے اور ان کی اہلیہ کے نام سے ہوئی ہے۔اے سی بی نے کہا کہ یہ معاملہ ان الزامات کی تصدیق سے شروع ہوا ہے کہ سرکاری ملازم نے اپنی آمدنی کے جائز ذرائع سے زیادہ دولت جمع کی ہے۔ انکوائری میں مبینہ طور پر متعدد بینک کھاتوں کے ذریعے کروڑوں روپے کے مالیاتی لین دین کا پردہ فاش ہوا۔اے سی بی کے ترجمان نے کہا، "پولیس سٹیشن اے سی بی سری نگر کے ذریعہ ملزم سرکاری ملازم اور اس کی اہلیہ کے خلاف کی گئی تحقیقات نے ان پر لگائے گئے الزامات کی تصدیق کی ہے۔”










