سری نگر:چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج 75ویں یوم آزادی کے جشن کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔چیف سیکرٹری نے دونوں دارالخلافائی شہروں سری نگر او رجموں میں یوم آزادی کی تقریبات کے لئے تمام ضروری تیاریوں سے متعلق اَفسران سے تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے پی آر آئی نمائندوں سے تمام ضلع ، سب ضلع ، تحصیل صدر مقامات اورپنچایتوں پر قومی پرچم لہرانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ قوم کی تعمیر میں شہریوں کی شراکت کو یقینی بنائیں اور اِس سلسلے میں مثالی کارناموں کے حامل اَفراد کو شامل کریں۔اُنہوں نے عوامی فلاح و بہبود میں نمایاں شراکت کے ساتھ شہریوں کے احترام اور دادِ تحسین کے نشان کے طور پر 75 سڑکوں اور سکولوں کی نشاندہی کرنے کے لئے کہا جو ان کے نام پر رکھے جائیں۔دیہی ترقی محکمہ سے کہا گیا کہ75ویں یوم آزادی تک تمام شناخت شدہ کاموں اور منصوبوں کو ان کی بروقت تکمیل کے لئے نگرانی کریں اور جاری منصوبوں کو مکمل کرنے اور شناختی کاموں کواِفتتاح کرنے کویقینی بنائیں۔ اُنہوں نے مختلف محکموں سے کہا کہ وہ ’’ آزادی کا امرت مہااُتسو‘‘ کے 75 ہفتوں کے جشن کے منصوبے کے مطابق ضلع ، سکول اور پنچایت کی سطح پر تقریبات ، مقابلوں او رسرگرمیوں کا اہتمام کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا ، ’’یہ پروگرام آئین کے نظریات پر بیداری پیدا کرنے اور شہریوں کی شرکت بڑی تعداد میں یقینی بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر پھیلایا جانا چاہیئے۔‘‘سکولی تعلیم اور اعلیٰ تعلیمی محکموں سے کہا گیا کہ وہ آن لائن کوئز ، شاعری ، مضمون اور اسی طرح کے مقابلوں کا اہتمام کریں اور طلاب کو ویب ناروں سے شرکت کرنے کے لئے حوصلہ اَفزائی کریں۔چیف سیکرٹری نے جموں وکشمیر کے عوامی مقامات اور دفاتر پر خصوصی توجہ کے ساتھ 15دِن کی ’’ صفائی مہم ‘‘ کے اِنعقاد پر زور دیا تاکہ ایک صاف ستھرا جموںوکشمیر کی طرف اہم تبدیلی لائی جاسکے۔دورانِ میٹنگ یہ کہا گیا ہے کہ کووِڈ ۔19 وَبائی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے یوم آزادی کی تقریب کووِڈ ایس او پیز اور پروٹوکال کے حوالے سے سماجی فاصلے ، ماسک پہننے ، مناسب صفائی ستھرائی اور محدود اِجتماعات منایا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے متعلقین کو ہدایت دی کہ ٹرانسپورٹیشن ، پارکنگ ، بیٹھنے کی نشستیں،پانی کی فراہمی ،بجلی ،صحت ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروس عملہ اور سامان کی تعیناتی او رعمارتوں کی سمیت متعدد سہولیات سے متعلق اِنتظامات کو یقینی بنائیں ۔میٹنگ میں صحت و طبی تعلیم ، داخلہ ، پاور ڈیولپمنٹ ، پبلک ورکس ،جنرل ایڈمنسٹریشن ، جل شکتی ، سکول ایجوکیشن ، ہائیر ایجوکیشن ، کلچر ، امور نوجوان و کھیل کو د ،خاطر تواضع محکموں کے اِنتظامی سیکرٹری کے علاوہ صوبائی کمشنر کشمیر،ایڈیشنل دائریکٹر جنرل پولیس ،اِنسپکٹر جنرل پولیس کشمیر /جموں مع متعلقہ محکموں کے سربراہاں نے شرکت کی۔