نگران نیوز
سری نگر/ آنگن واڑی ورکرز اینڈ ہیلپرز ایسوسی ایشن کی سابق صدر تسلیمہ سبحان طویل علالت کے بعد 22 اور 23 جولائی کی درمیانی شب تقریباً بارہ بجے انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال سے آنگن واڑی ملازمین، سماجی حلقوں اور صحافتی برادری میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ مرحومہ کے انتقال پر ان کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور پورا خانوادہ غم کی کیفیت میں مبتلا ہے۔تسلیمہ سبحان ایک باوقار، باصلاحیت اور نڈر رہنما تھیں۔ ان میں قیادت کی تمام اعلیٰ صفات بدرجۂ اتم موجود تھیں۔ وہ ایک بہترین منتظم ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی بااخلاق، ہمدرد اور انسان دوست شخصیت کی مالک تھیں۔ اپنے عزیز و اقارب، دوستوں اور ساتھیوں کے ساتھ ان کے حسنِ سلوک، خلوص اور شفقت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مرحومہ نے اپنی زندگی کا ایک طویل عرصہ آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز کے حقوق کے تحفظ اور ان کے جائز مطالبات کے حصول کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ وہ ہر موقع پر ملازمین کے مسائل کو متعلقہ افسران اور حکام کے سامنے جرأت، دلیل اور مستقل مزاجی کے ساتھ پیش کرتی رہیں۔ ان کی مدبرانہ قیادت میں آنگن واڑی ملازمین نے متعدد اہم کامیابیاں حاصل کیں، جس کے باعث وہ اپنے رفقا کے دلوں میں ایک منفرد اور دائمی مقام بنانے میں کامیاب ہوئیں۔ ان کی بے لوث خدمات، قربانیاں اور قیادت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔مرحومہ کے انتقال پر آنگن واڑی ملازمین کی برادری کے علاوہ صحافتی برادری نے بھی انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔روزنامہ نگران کے مدیر اور تمام عملے نے بھی سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ تسلیمہ سبحان کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور تمام لواحقین کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔










