نگران نیوز
سری نگر //جموں-سرینگر قومی شاہراہ جمعرات کو مسلسل دوسرے روز بھی ٹریفک کے لیے بند رہی، جبکہ مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، پتھر گرنے اور سڑک کے کٹاؤ نے بحالی کے کام کو شدید متاثر کیا ہے۔ قومی شاہراہ، جو وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والی واحد ہمہ موسمی شاہراہ ہے، ادھم پور کے جکھانی سے رام بن کے بانہال تک کم از کم پانچ مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے، پتھر کھسکنے اور سڑک کے کٹاؤ کے باعث بند ہے۔ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعدد حساس مقامات پر مسلسل لینڈ سلائیڈنگ اور شوٹنگ اسٹونز کے باعث شاہراہ پر ہر قسم کی ٹریفک معطل رکھی گئی ہے۔حکام کے مطابق شاہراہ کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے، تاہم مسلسل بارش ملبہ ہٹانے، سڑک کی مرمت اور ٹریفک بحال کرنے کی کوششوں میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہے۔شاہراہ بند ہونے کے باعث 600 سے زائد گاڑیاں رام بن، نگروٹہ، جموں، ادھم پور، لکھن پور اور سانبہ سمیت مختلف مقامات پر پھنسی ہوئی ہیں۔ البتہ مغل روڈ اور سرینگر،سونہ مرگ،گمری روڈ پر ٹریفک جاری ہے۔










