نگران نیوز
سری نگر/ / ڈویژنل کمشنر کشمیر انشل گرگ نے جموں و کشمیر کے پہلے بین الاقوامی فلم فیسٹیول کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تقریب کے کامیاب اور پْرامن انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں، سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور مختلف محکموں کے درمیان قریبی تال میل برقرار رکھا جائے۔ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈویڑنل کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں سے کہا کہ انہیں سونپی گئی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دی جائیں اور تیاریوں میں کسی بھی قسم کی کمی یا خلا باقی نہ رہے۔انہوں نے نامزد نوڈل افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ مقامات پر موجود رہیں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے رات کے فلمی شوز، فلوٹنگ سنیما، گالا ڈنر اور دیگر مجوزہ سرگرمیوں کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ فلم فیسٹیول کے دوران 40 ممالک کی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی، جس سے اس فیسٹیول کی بین الاقوامی نوعیت اور اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ڈویڑنل کمشنر نے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ فیسٹیول کے دوران جموں و کشمیر کی سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بروشرز اور آڈیو ویڑول مواد کو حتمی شکل دی جائے۔ محکمہ دستکاری و ہینڈلوم سے کہا گیا کہ وہ مہمانوں اور شرکا کے لیے اسٹالوں، دستکاری کے نمونوں اور کاریگروں سے متعلق معلوماتی مواد تیار کرے۔محکمہ اعلیٰ تعلیم کو ہدایت دی گئی کہ شرکت کرنے والے طلبہ کے اندراج کے لیے خصوصی رجسٹریشن ڈیسک قائم کیے جائیں، جبکہ آر ٹی او کشمیر کو ہدایت دی گئی کہ کرائے پر حاصل کیے گئے ڈرائیوروں کو فیسٹیول کے پروگرام، سیاحتی مقامات اور ٹور پیکیجز کے ساتھ ساتھ طے شدہ پروگراموں میں بروقت شرکت کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔انشل گرگ نے حکام کو فیسٹیول سے قبل مکمل ڈرائی رن کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ ممکنہ خامیوں کی نشاندہی کرکے انہیں بروقت دور کیا جاسکے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر اور بلاتعطل رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔










