نگران نیوز
سری نگر/ / بھارتیہ جنتا پارٹی اور حکمران نیشنل کانفرنس نے بدھ کے روز سری نگر میں الگ الگ احتجاجی مظاہرے کیے، تاہم پولیس نے دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو اپنے مقررہ مقامات کی جانب مارچ کرنے سے روک دیا۔بی جے پی کا احتجاج لال چوک سے شروع ہوا، جہاں سے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے جہانگیر چوک کی جانب مارچ کیا۔ پولیس نے جلوس کو راستے میں روک دیا اور اسے سول سیکریٹریٹ کی جانب آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی۔دوسری جانب نیشنل کانفرنس نے راج باغ میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور بی جے پی کے دفتر کی جانب مارچ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم پولیس نے پارٹی کارکنوں کو بی جے پی دفتر تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا۔دونوں مقامات پر حفاظتی اہلکار تعینات کیے گئے تھے تاکہ مظاہروں کو منظم رکھنے کے ساتھ ساتھ دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو ایک دوسرے کے آمنے سامنے آنے سے روکا جاسکے۔ حکام نے کہا کہ سری نگر میں عام آمدورفت پر کوئی پابندی عائد نہیں کی تھی۔بی جے پی کے احتجاج کی قیادت قائد حزب اختلاف سنیل شرما اور بی جے پی جموں و کشمیر صدر اور راجیہ سبھا رکن ست شرما کررہے تھے۔این سی مارچ کی قیادت سکینہ ایتو اور پارٹی کے چیف ترجمان تنویر صادق کررہے تھے۔دونوں جماعتوں کے احتجاج سیاسی الزامات اور جوابی الزامات کے باوجود الگ الگ اور پْرامن رہے۔ پولیس نے دونوں جلوسوں کو بالترتیب سول سیکریٹریٹ اور بی جے پی دفتر کی جانب آگے بڑھنے سے روک دیا۔










