نگران نیوز
سری نگر/ / جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے نیشنل کانفرنس کی زیر قیادت حکومت کو بجلی، پانی، سڑکوں اور روزگار سے متعلق عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام قرار دیا ہے۔ وہ بدھ کے روز بی جے پی کی جانب سے سول سیکریٹریٹ کی طرف مجوزہ مارچ کے موقع پر لال چوک میں جمع ہونے والے پارٹی کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔کلاک ٹاور کے قریب نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سنیل شرما نے کہا کہ بی جے پی کا احتجاج حکومت کی کارکردگی کے خلاف عوام میں بڑھتی ہوئی ناراضی کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مناسب مواقع فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ روزگار کے مواقع نیشنل کانفرنس سے وابستہ ٹھیکیداروں سے جوڑے جا رہے ہیں۔سنیل شرما نے بجلی کے نرخوں میں اضافے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بجلی کے بلوں میں اضافے سے غریب اور کم آمدنی والے طبقوں پر مالی بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔انہوں نے اسمبلی انتخابات کے دوران نیشنل کانفرنس کی جانب سے کیے گئے وعدوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے سوال کیا کہ آرٹیکل 370، مفت بجلی اور روزگار سے متعلق وعدوں کا کیا ہوا۔قائد حزب اختلاف نے عمر عبداللہ کو ریاستی درجے کے معاملے پر عوام سے دوبارہ مینڈیٹ حاصل کرنے کا چیلنج بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کو گاندربل اسمبلی نشست سے استعفیٰ دے کر ریاستی درجے کے مسئلے پر دوبارہ انتخابات کا سامنا کرنا چاہیے۔










