نگران نیوز
سری نگر/ / مہاجر پرندوں کی سالانہ آمد کے پیش نظر محکمہ تحفظِ جنگلی حیات نے پامپور کی آبی اراضی کے تحفظ اور پرندوں کو محفوظ و پْرسکون ماحول فراہم کرنے کے لیے عوامی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ محکمہ نے مقامی آبادی، کسانوں، سیاحوں اور دیگر متعلقہ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ مہاجر پرندوں کی آمد کے دوران ان کے مسکن کو ہر قسم کی مداخلت اور آلودگی سے محفوظ رکھنے میں تعاون کریں۔محکمہ کے مطابق پانپور کی آبی اراضی، جن میں چٹلم، کرنچو، فشکوری، منی بگھ اور دیگر متعلقہ آبی علاقے شامل ہیں، بڑی تعداد میں مہاجر اور مقامی آبی پرندوں کے لیے خوراک حاصل کرنے، آرام کرنے اور موسم سرما گزارنے کے اہم مراکز ہیں۔محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مہاجر یا مقامی پرندوں اور دیگر جنگلی حیات کا شکار، پھندا ڈالنے، پکڑنے، زخمی کرنے یا ہلاک کرنے سے مکمل طور پر گریز کریں۔ پرندوں کے شکار یا گرفتاری کے لیے آتشیں اسلحہ، ایئر گن، جال، پھندے یا کسی بھی دوسرے طریقے کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔ آبی علاقوں، پرندوں کے اجتماع کے مقامات اور ممنوعہ علاقوں میں محکمہ تحفظِ جنگلی حیات کی اجازت کے بغیر داخل ہونے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ نے لوگوں کو آبی علاقوں اور ان کے اطراف پلاسٹک، پولی تھین، بوتلیں، کچرا، فضلہ یا دیگر آلودہ مواد پھینکنے سے سختی سے منع کیا ہے۔سیاحوں اور دیگر آنے والوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پرندوں کا مشاہدہ محفوظ فاصلے سے کریں اور ان کے قریب جانے سے گریز کریں۔ بلند آواز میں موسیقی چلانے، ڈرون اڑانے، فلیش فوٹوگرافی اور دیگر ایسی سرگرمیوں سے بھی منع کیا گیا ہے۔محکمہ نے تمام متعلقہ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ گشت، تحفظ اور ماحولیاتی سرگرمیوں کے دوران اہلکاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔محکمہ نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ پانپور کی آبی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور مہاجر پرندوں کے لیے محفوظ، پْرسکون اور آلودگی سے پاک موسم سرما کی رہائش گاہ یقینی بنانے کے لیے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔محکمہ نے پامپور اور جموں و کشمیر کے عوام کی مشترکہ قدرتی میراث قرار دیتے ہوئے مقامی باشندوں اور سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ مہاجر پرندوں کا استقبال ’’احتیاط، احترام اور ذمہ داری‘‘ کے ساتھ کریں۔محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے قانون 1972، ماحولیاتی تحفظ کے قانون، متعلقہ آبی علاقوں کے ضوابط یا دیگر نافذ قوانین و قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔محکمہ نے یہ ایڈوائزری مہاجر پرندوں کے موسم کی آمد سے قبل عوامی مفاد میں جاری کی ہے۔










