نگران نیوز
سری نگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز کہا کہ حکومت بجلی کے بلوں کی ایمنسٹی (معافی) اسکیم میں توسیع کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے ضرورت مند صارفین کو ریلیف فراہم کرنے اور باقاعدگی سے بل ادا کرنے والوں کے ساتھ انصاف برتنے کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔نیوز ایجنسی جے کے این ایس کے مطابق، جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت بجلی کے بلوں پر ایمنسٹی اسکیم میں توسیع کے لیے کوشاں ہے۔اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے وکرم رندھاوا کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ایمنسٹی اسکیم (رعایتی سکیم) کی مدت میں توسیع کے مطالبے پرعمر عبداللہ نے کہا کہ ایمنسٹی متعارف نہ کرانا ان لوگوں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہوگا جو اس ریلیف کے حقدار ہیں، جیسا کہ ایوان کے ایک رکن نے نشاندہی کی تھی۔تاہم، انہوں نے کہا کہ اس سہولت میں توسیع ان صارفین کے لیے بھی خدشات پیدا کرتی ہے جو باقاعدگی سے اپنے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی نظر میں ایمنسٹی ان لوگوں کے لیے ضروری ہے جنہیں واقعی اس ریلیف کی ضرورت ہے، جبکہ بلا امتیاز اس میں توسیع ان صارفین کے ساتھ ناانصافی ہو سکتی ہے جو باقاعدگی سے اپنے بل ادا کرتے رہے ہیں۔









