نگران نیوز
سری نگر//جموں و کشمیر حکومت نے منگل کے روز قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ خطے میں اس وقت کینسر کے 51,000 مریض موجود ہیں۔ وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے بتایا کہ عالمی سطح پر اور جموں و کشمیر میں بھی کینسر کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ایوان کو بتایا گیا کہ رپورٹ ہونے والے کینسر کے کیسز میں نظامِ انہضام ، پھیپھڑوں اور چھاتی کے کینسر کا تناسب نمایاں ہے۔حکومت جموں و کشمیر میں کینسر ہسپتال کے قیام سے متعلق سوالات کا جواب دے رہی تھی۔وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتونے ایوان کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں کینسر کے واقعات میں اضافہ عالمی رجحان کے مطابق ہے۔ بیماری کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے، حکومت نے ایک ایپیکس کمیٹی (اعلیٰ سطحی کمیٹی) تشکیل دی ہے جو کینسر کی روک تھام، اسکریننگ اور علاج کے لیے اقدامات کی تشکیل اور رہنمائی کرے گی۔ایوان کو مطلع کیا گیا کہ اس مقصد کے لیے ڈائریکٹر ایس کے آئی ایم ایس (SKIMS) کو نوڈل آفیسرمقرر کیا گیا ہے۔جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں مکمل سہولیات کے حامل کینسر ہسپتال قائم کرنے کی تجویز پر حکومت نے کہا کہ پہلے ہی 2اسٹیٹ کینسر انسٹی ٹیوٹ (ریاستی کینسر کے مراکز) قائم کیے جا چکے ہیں؛ جن میں سے ایک ایس کے آئی ایم ایس صورہ میں اور دوسرا گورنمنٹ میڈیکل کالج، جموں میں واقع ہے۔









