نگران نیوز
سری نگر/ / رَامباغ نٹی پورہ شاہراہ کو کشادہ کرنے کے مجوزہ منصوبے کی لاگت 45 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم یہ منصوبہ فی الحال مرکزی حکومت کی منظوری کا منتظر ہے۔ جموں و کشمیر حکومت نے قانون ساز اسمبلی کو یہ اطلاع دی ہے۔حکومت کے مطابق ’’نٹی پورہ کراسنگ سے زْم زْم بلڈنگ رَامباغ کے قریب موجودہ فلائی اوور تک مرکزی سڑک کی کشادگی‘‘ کے نام سے اس منصوبے کو مرکزی روڈ اینڈ انفراسٹرکچر فنڈ کے تحت مالی سال 2026-27 کے لیے ترجیحی منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے اور منظوری کے لیے مرکزی حکومت کو بھیج دیا گیا ہے۔ٹریفک کی روانی کو بہتر اور محفوظ بنانے کے لیے سڑک پر بیریئرز نصب کیے گئے ہیں اور بعض حصوں میں یک طرفہ ٹریفک کا نظام بھی نافذ کیا گیا ہے۔حکومت نے بتایا کہ موجودہ رَامباغ نٹی پورہ شاہراہ پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے کئی متبادل منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں یا زیر تعمیر ہیں۔نٹی پورہ جنکشن سے برزلہ پل تک دودھ گنگا نالہ کے ساتھ متبادل سڑک کا منصوبہ سری نگر سمارٹ سٹی اقدام کے تحت شروع کیا گیا تھا، جو اب مکمل ہوچکا ہے۔ اس منصوبے کے لیے 764 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی تھی۔اسی طرح دودھ گنگا نالہ کے ساتھ نٹی پورہ سے چھانہ پورہ تک بنڈ روڈ منصوبے کو 350 لاکھ روپے کی لاگت سے منظور کیا گیا ہے اور اس پر اس وقت کام جاری ہے۔ حکومت کے مطابق اس سڑک کا مقصد ایک اضافی ٹریفک کوریڈور فراہم کرنا اور گاڑیوں کے ایک حصے کو موجودہ رَامباغ نٹی پورہ روٹ سے منتقل کرنا ہے۔برزلہ پل کے نیچے انڈر پاس بھی مکمل کیا جاچکا ہے، جس سے اس مقام پر ٹریفک کی آمدورفت کے لیے ایک اضافی علیحدہ راستہ دستیاب ہوگیا ہے۔اس کے علاوہ نٹی پورہ جنکشن کے قریب ٹی جنکشن بھی تیار کرکے مکمل کیا جاچکا ہے۔










