نگران نیوز
سری نگر//منشیات کی اسمگلنگ، دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں اور ان کے مالیاتی نیٹ ورکس کے خلاف جاری سخت کارروائی کے سلسلے میں، سری نگر پولیس نے NDPS ایکٹ اور UA(P) ایکٹ کی دفعات کے تحت مجموعی طور پر تقریبا 6.31 کروڑ روپے مالیت کی چار غیر منقولہ جائیدادوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے۔تازہ ترین کارروائی میں، پولیس اسٹیشن زکورہ نے ایف آئی آر نمبر 34/2026 (زیر دفعہ 8/22، 29 NDPS ایکٹ)کے سلسلے میں، اویس احمد راتھر (ولد غلام محمد راتھر) کی ملکیت بلال کالونی، زکورہ میں واقع ایک رہائشی مکان اور اراضی کو ضبط کیا، جس کی مالیت تقریبا 2.5 کروڑ روپے ہے۔تفتیش کے دوران منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے سلسلے میں حاصل کی گئی اس جائیداد کو NDPS ایکٹ کی دفعہ 68-F(1) کے تحت ضبط کیا گیا۔ یہ حکم مجاز اتھارٹی کے اگلے احکامات تک اس جائیداد کی فروخت، لیز، منتقلی، ردوبدل یا کسی تیسرے فریق کے مفاد کے قیام پر پابندی عائد کرتا ہے۔اس سے قبل، پولیس اسٹیشن نوگام نے شیراز احمد شیخ ولد نذیر احمد شیخ، واگورہ، بی کے پورہ) کی ملکیت تقریبا ً2.85 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد کو ایف آئی آر نمبر 121/2023 (زیر دفعہ 8/15 NDPS ایکٹ)کے سلسلے میں ضبط کیا تھا۔اس جائیداد میں واگورہ، تحصیل بی کے پورہ میں 18 مرلہ اراضی پر تعمیر شدہ ایک دو منزلہ کنکریٹ کی عمارت، دو دکانیں اور ایک رائس مل (چاول کی مل)شامل ہیں۔ یہ ضبطی مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد NDPS ایکٹ کی دفعہ 68-F کے تحت عمل میں لائی گئی۔ ایک اور کارروائی میں، پولیس سٹیشن احمد نگر نے ظہور احمد میر(ولدعبدالغنی میر)کی ملکیت میں موجود دانی ہامہ، حضرت بل میں واقع تقریباً 1.30 کروڑ روپے مالیت کی رہائشی جائیداد کو ضبط کر لیا۔ یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 20/2026 (تحت دفعہ 7/25 آرمز ایکٹ اور دفعات 13، 18، 18-B، 19، 20، 23، 38 اور 39 یو اے پی( ایکٹ)کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی۔یہ جائیداد، جس میں ایک منزلہ رہائشی مکان اور اس سے ملحقہ 6 مرلے اراضی شامل ہے، مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری اور قانونی ضابطوں کی تکمیل کے بعد ایگزیکٹو مجسٹریٹ (فرسٹ کلاس) اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں یو اے (پی) ایکٹ کی دفعہ 25 کے تحت ضبط کی گئی۔مزید برآں، پولیس اسٹیشن شالٹنگ نے امیر احمد میر(ولد محمد اشرف میر)کی ملکیت میں موجود چیک مجہ گنڈ، سری نگر میں واقع تقریباً 46 لاکھ روپے مالیت کے ایک منزلہ رہائشی مکان اور 7 مرلے اراضی کو منجمد کر دیا۔ یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 43/2023 (تحت دفعات 8/21 اور 29 این ڈی پی ایس ایکٹ) کے سلسلے میں کی گئی۔ تفتیش سے یہ ثابت ہوا کہ یہ جائیداد منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی آمدنی سے بنائی گئی تھی، جس کے بعد اسے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-F کے تحت منجمد کر دیا گیا۔ان کارروائیوں کے ذریعے سری نگر پولیس نے مجموعی طور پر تقریباً 6.31 کروڑ روپے مالیت کی چار غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط یا منجمد کیا ہے، اور اس طرح منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی سے متعلقہ سرگرمیوں سے منسلک مالیاتی ذرائع اور بنیادی ڈھانچے کو ہدف بنایا ہے۔سری نگر پولیس غیر قانونی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی آمدنی سے بنائی گئی جائیدادوں کی نشاندہی، سراغ رسانی، منجمد کرنے اور ضبط کرنے، نیز منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کی سرگرمیوں کو برقرار رکھنے والے مالیاتی نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔










