نگران نیوز
سری نگر/ / جموں و کشمیر حکومت نے ان صنعتی یونٹوں کی عارضی رجسٹریشن میں توسیع کو منظم کرنے کے لیے ایک نئی پالیسی کا مسودہ تیار کیا ہے جن کی رجسٹریشن کی مدت ختم ہو چکی ہے یا جو کسی وجہ سے منسوخ یا غیر مؤثر ہو گئی ہے۔ حکومت کے مطابق مجوزہ پالیسی حتمی مرحلے میں ہے۔محکمہ صنعت و تجارت نے بتایا کہ یہ مسودہ جموں و کشمیر انڈسٹریل لینڈ الاٹمنٹ پالیسی 2021-30 کی شق 5.2 کے تحت تیار کیا جا رہا ہے۔ اس ضرورت اس وقت پیدا ہوئی جب پرانے صنعتی یونٹوں سے متعلق بعض معاملات پر سابقہ انڈسٹریل پالیسی 2016-26 کی مدت ختم ہونے سے قبل فیصلہ نہیں ہو سکا۔محکمہ صنعت و تجارت کے مطابق 2016 کی صنعتی پالیسی کے تحت اراضی حاصل کرنے والے ان صنعتی یونٹوں کی عارضی رجسٹریشن میں توسیع سے متعلق معاملات 12 مارچ 2026 کو اپیکس پروجیکٹ کلیئرنس کمیٹی کے 49ویں اجلاس میں پیش کیے گئے تھے، تاہم ان پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔اس کے بعد جموں و کشمیر انڈسٹریل پالیسی 2016-26 کی مدت 31 مارچ 2026 کو ختم ہوگئی۔ مذکورہ پالیسی ان صنعتی یونٹوں کی عارضی رجسٹریشن میں توسیع سے متعلق معاملات کو منظم کرتی تھی جنہیں 2021-30 کی نئی صنعتی اراضی الاٹمنٹ پالیسی نافذ ہونے سے قبل اراضی الاٹ کی گئی تھی۔حکومت نے کہا ہے کہ نئی مجوزہ پالیسی کے تحت ایسے پرانے معاملات کو شامل کیا جائے گا جن میں صنعتی یونٹوں کی عارضی رجسٹریشن ختم یا غیر مؤثر ہو چکی ہے۔ تاہم رجسٹریشن کی تجدید یا توسیع متعلقہ درخواست گزاروں کی جانب سے نئی پالیسی میں مقرر کردہ اہلیت کی شرائط پوری کرنے سے مشروط ہوگی۔حکومت نے صنعتی رجسٹریشن کے پرانے معاملات کے لیے الگ سے مقررہ مدت میں کارروائی کے مطالبے پر بھی اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے نئی پالیسی کا مسودہ جموں و کشمیر انڈسٹریل لینڈ الاٹمنٹ پالیسی 2021-30 کی شق 5.2 کے تحت تیار کیا گیا ہے اور یہ اس وقت حتمی مرحلے میں ہے۔










