سرینگر:سڑک رابطے کو مزید بہتر بنانے کی ایک پہل کے تحت 8.5کلو میٹر لمبی قاضی گنڈ بانہال ٹنل کو بدھ کے روز آزمائشی طور پر ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا ہے ۔ اس ٹنل سے سرینگر سے جموں کے مابین 16کلو میٹر کا سفر کم ہو گیا ۔ سی این آئی کے مطابق مرکزی وزیر برائے روڈس اور ٹرانسپورٹ نتین گڑکری نے سماجی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ــــکہ 8.5کلو میٹر لمبی بانہال قاضی گنڈ ٹنل پر کام کو مکمل کر دیا گیا ہے اور اس کو آزمائشی طور پر ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بحال کر دیا گیا ۔ انہوں نے لکھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہ میں جموں کشمیر میں تعمیر و ترقی کے ایک اور خواب کو پورا کیا گیا اور جموں سے سرینگر کے درمیان 1.5 گھنٹے کا سفر کم کرنے والی ٹنل کو مکمل کر دیا گیا اور آج اس پر آزمائشی طور ٹریفک بحال کر دیا گیا ہے ۔ انہوںنے مزید لکھا کہ سمندری سطح سے 5800فٹ اوپری سطح پر تعمیر شد ہ ٹنل جواہر ٹنل کا متبادل ہو گئی اور خراب موسمی صورتحال کا بھی بھر پور مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اس ٹنل سے ایک تو مسافر کا سفر کم ہو گیا جبکہ دوسرا جموں سے سرینگر کے درمیان فاصلہ بھی کم ہو گیا ۔ خیال رہے کہ اس ٹنل پر کئی سالوں سے کم شدید و مد سے جاری تھا اور آج بالاخر اس ٹنل پر کام کو مکمل کر دیا گیا اور اس کو عوام کے نام وقف کر دیا گیا ہے ۔