سرینگر : چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج جموں و کشمیر میں مرکزی زیر سر پرستی اسکیم ’ اُمید ‘ کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ پرنسپل سیکرٹری دیہی ترقیاتی محکمہ اور مشن ڈائریکٹر جے اینڈ کے رورل لائیولی ہُڈ مشن کے ساتھ محکمہ کے متعلقہ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جے اینڈ کے رورل لائیولی ہُڈ مشن نے اب تک 46000 سیلف ہیلپ گروپس قائم کئے ہیں اور انہیں مالیاتی اداروں سے منسلک کیا ہے 3955 سیلف ہیلپ گروپس کے حق میں 15.82 کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں ۔ رواں سال کے دوران دو اضافی بلاکس کو جموں و کشمیر دیہی روزی مشن کے دائرے میں لایا گیا ہے ۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ سیلف ہیلپ گروپس کی جموں و کشمیر میں بہت زیادہ صلاحیت ہے ، ڈاکٹر مہتا نے جے کے آر ایل ایم کو ہدایت دی کہ وہ دیہی خواتین کو سماجی متحرکیت کو یقینی بناتے ہوئے 30 ستمبر 2021 تک اضافی 11000 سیلف ہیلپ گروپوں کے قیام کو یقینی بنائے ۔ اس کے علاوہ دیہی علاقوں کیلئے موزوں تجارتی سرگرمیوں کی نشاندہی کی جائے ۔ چیف سیکرٹری نے مشن کو مزید ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر ضلع اور بلاک ہیڈ کوارٹرز میں مستقل ایس ایچ جی ہٹ قائم کرے تا کہ مختلف ایس ایچ جی مصنوعات کو تیار مارکیٹ فراہم کی جا سکے ۔ مشن سے کہا گیا کہ وہ تمام اضلاع کیلئے ایس ایچ جی کے حساب سے کلینڈر تیار کرے اور مختلف مصنوعات کی ہفتہ وار فروخت کو پہلے سے وسیع پیمانے پر تشہیر دے ۔ انہوں نے مختلف بینکنگ سہولیات سے فائدہ اٹھانے میں ایس ایچ جی اراکین کی مد د کیلئے 50 سے زائد ایس ایچ جی بینک رابطوں والی پنچائتوں میں ’ بینک سخیوں ‘ کی تقرری کی بھی ہدایت دی ۔ ڈاکٹر مہتا نے پرنسپل سیکرٹری آر ڈی ڈی پر زور دیا کہ وہ زراعت پر مبنی دیہی ایس ایچ جی اور زراعت ، باغبانی ، ماہی گیری اور جانوروں اور بھیڑوں کے پالنے والے محکموں کی مختلف اسکیموں کے درمیان ہم آہنگی اختیار کریں ۔ کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے میں ان کی شراکت کا جائیزہ لیں ۔ میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ تمام اضلاع کے ایس ایچ جی کے رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کی جائے گی تا کہ اسکیم کے کام کاج پر رائے حاصل کی جا سکے ۔ مارکیٹ کے مواقع کو بڑھانے اور مارکیٹنگ کے روابط کو مضبوط بنانے کیلئے مشن نے دو مارکیٹنگ ایجنسیوں کی خدمات حاصل کی ہیں تا کہ دیہی ایس ایچ جی خواتین کی تربیت اور انٹر پرنیور شپ کی ترقی کیلئے ان کی مسابقت بڑھانے کیلئے ایس ایچ جی مصنوعات کی ادارہ جاتی جدت پر خصوصی توجہ دی جائے ۔