سرینگر:شہر خاص کے عالی مسجد عید گاہ علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے سی آر پی ایف بینکر پر گرنیڈ داغا جو زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہوا۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی گئی ہے۔ یو پی آئی کے مطابق پیر کی شام کو عالی مسجد عید گاہ علاقے میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب مشتبہ ملی ٹینٹوں نے 161بٹالین سی آر پی ایف بینکر پر گرنیڈ داغا جو زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کا ہیڈ کانسٹیبل جس کی شناخت پروین کمار کے بطو رہوئی ہے زخمی ہوا اور اُس کو علاج ومعالجہ کی خاطر صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ سی آر پی ایف ذرائع نے بتایا کہ سی آر پی ایف آفیسر کے بازو ، کندھے اور ٹانگ میں آہنی ریزے پیوست ہوئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ گرنیڈ حملے کے ساتھ ہی سیکورٹی فورسز کی ایک بھاری جمعیت نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کرحملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔ واضح رہے کہ پائین شہر میں پچھلے ایک ہفتے کے دوران تین مرتبہ گرنیڈ حملے ہوئے جس کے نتیجے میں شہر خاص میں سیکورٹی کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی عالی مسجد عید گاہ علاقے میں ملی ٹینٹوں نے پیر املٹری فورس بینکر پر گرنیڈ داغا۔ اس بیچ پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ پائین شہر میں گرنیڈ حملوں میں ملوث افراد کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ہے اور بہت جلد اُنہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔