سرینگر:چیف آف ڈیفنس سٹاف کا کہنا ہے کہ اگر طالبان نے بھارت کے جذبات و احساسات کو نقصان پہنچایا تو اُن کے ساتھ ملی ٹینٹوں جیسے ہی سلوک کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ طالبان سے نمٹنے کی خاطر بھارت نے پوری تیاری کی ہوئی ہے۔اعلیٰ فوجی کمانڈر نے کہاکہ جس تیزی کے ساتھ طالبان نے افغانستان پر قبضہ جمایا وہ کسی کے وہم و گمان میں ہی نہیں تھا۔ یو پی آئی کے مطابق نئی دہلی میں امریکہ بھارت تعلقات کے حوالے سے منعقد کئے گئے ایک سمینار سے خطاب کے دوران چیف آف ڈیفنس سٹاف لفٹنٹ جنرل بپن راوت نے کہاکہ بھارت طالبان سے نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں طالبان کا افغانستان پر قبضہ کا اندیشہ تھا جس کیلئے ہم تیاری کر رہے تھے لیکن جس تیزی کے ساتھ طالبان نے افغانستان پر قبضہ کیا وہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا۔ انہوںنے کہاکہ طالبان 20سال والا ہی طالبان ہے لیکن اس بار اُس نے اپنے دوست تبدیل کئے ہیں پالیسی اُن کی سب کے سامنے عیاں ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر طالبان نے بھارت کے جذبات و احساسات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اُن کے ساتھ ویسا ہی سلوک کیا جائے گا جیسا ہم ملی ٹینٹوں کے خلاف کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ خطے کی صورتحال پر ہماری پوری نظر ہے اور کسی کو بھی حالات کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چیف آف ڈیفنس سٹاف کا کہنا تھا کہ بھارت ایک طاقتور ملک ہے اور سبھی ہمسایہ ممالک کے ساتھ بقائے باہم اصولوں کے تحت تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے لیکن اگر کسی نے ہمارے جذبات و احساسات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت دہشت گردی کے خلاف زیروٹرولنس کی پالیسی پر کاربند ہے اور اس میں نرمی لانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوںنے کہاکہ ابھی طالبان نے افغانستان میں حکومت نہیں سنبھالی اگر چہ طالبان کے لیڈران کہتے ہیں کہ وہ سبھی کو حقوق فراہم کریں گے لیکن ابھی یہ دیکھنا ہوگا کہ طالبان افغانستان میں کیا پالیسی اپنا تا ہے اور ہمسایہ ممالک کے خلاف اُن کی کیا منصوبہ بندی ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ ہم یہ بتا دینا چاہتے ہیں طالبان کے ساتھ نمٹنے کی خاطر بھارت نے پوری طرح سے تیاری کی ہوئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت نے پہلے ہی واضح کیا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکمرانی سے خطے کی صورتحال پر اثر پڑنے کا امکان ہے ۔