سرینگر: لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے آج پھولوں کی نمائش کے انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے نہرو میموریل بوٹینیکل گارڈن کا دورہ کیا ۔ کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر ، گارڈنز اینڈ پارکس شیخ فیاض احمد ، ڈائریکٹر فلوریکلچر کشمیر فاروق احمد راتھر اور دیگر افسران باغ کے دورے کے دوران مشیر کے ہمراہ تھے ۔ دو روزہ نمائش ستمبر 2021 میں منعقد کی جائے گی ۔ نمائش کیلئے بلیو پرنٹ تیار کرنے کیلئے افسروں کو ہدایت دیتے ہوئے مشیر نے کہا کہ ایونٹ کیلئے احتیاط سے منصوبہ بندی کی جائے اور اس سلسلے میں دی گئی ہدایات کے مطابق ہر چیز اپنی جگہ پر ہونی چاہئیے ۔ انہوں نے محکمہ سے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی میڈیا کو اس ایونٹ کی تشہیر کیلئے استعمال کیا جائے جس سے کسانوں کو فائدہ ہو ۔ شو کا مقصد کشمیر کی تجارتی فلوری کلچر کو بھر پور فائدہ دینا ہے اور اس سے ترقی پسند کاشتکاروں کو اپنی مصنوعات کو ملک کے دیگر حصوں سے بھی شرکاء کو دکھانے میں سہولت ملے گی ۔ مشیر نے مارکیٹنگ کی نمائش اور کاشتکاروں کو موقع دینے کی ضرورت پر زور دیا اور اس طرح کے واقعات اس طرح کے اہداف کے حصول کی جانب قدم ہیں ۔ مشیر نے محکمہ فلوریکلچر کے افسران کو ہدایت دی کہ نمائش کو ہلکے میوزیکل صوفیانہ پس منظر کے ساتھ پیش کیا جائے جو باغ کے خوبصورت ماحول میں اضافہ کرے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوشش کی جانی چاہئیے کہ زیادہ سے زیادہ کسانوں کو شرکت کا موقع دیا جائے کیونکہ یہ ایونٹ خاص طور پر ان کی نمائش کا پلیٹ فارم ہے ۔ مشیر نے مزید کہا کہ چھوٹے رہائشی گارڈن ہولڈرز کو بھی کمرشل فلوریکلچر کو اپنانے کی کوشش کی جانی چاہئیے انہوں نے کہا کہ یہ روز گار کے ایک ذریعہ کے طور پر سامنے آئے گا اور چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرے گا جو زمین کا کچھ حصہ تجارتی فلوریکلچر اور قیمتی فلوری کاشت کی مصنوعات مثلاً بلب ، سجاوٹ کی اشیاء ، سجاوٹی پھولوں وغیرہ کیلئے مخصوص کر سکتے ہیں ۔ مشیر نے افسران سے کہا کہ وہ باغ کی صفائی پر توجہ دیں اور زائرین کو کووڈ پروٹوکول پر حرف اور روح سے عمل کرنے کی تعلیم دیں ۔ ڈائریکٹر فلوریکلچر کشمیر نے آنے والی نمائش کا تفصیلی جائیزہ دیتے ہوئے کہا کہ دو روزہ نمائش کے ہموار انعقاد کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔