سرینگر :لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے آج محکمہ پاور کے افسران کو ہدایت دی کہ میر بازار گرڈ سٹیشن کو بڑھانے پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ۔ انہوں نے گرڈ سٹیشن کے دورے کے دوران چیف انجینئر ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر اور پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران کے ساتھ سول ، الیکٹریکل اور دیگر کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایک ماہ کے اندر گرڈ سٹیشن پر سول کام مکمل کریں اور کہا کہ ٹرانسفارمرز کی درآمد میں تیزی لائی جائے تا کہ کوئی وقت ضایع نہ ہو ۔ مشیر کو بتایا گیا کہ گرڈ سٹیشن کی موجودہ گنجائش 320 ایم وی اے اور اسے مزید 155 ایم وی اے بڑھایا جائے گا اور اس طرح یہ صلاحیت 475 ایم وی اے تک بڑھ جائے گی ۔ اس منصوبے کی کُل لاگت 29.53 کروڑ روپے ۔ مشیر نے کاموں کی پیش رفت کا معائینہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار گرڈ سٹیشن نئی گنجائش پر کام شروع کر دے گا صنعتی اور تجارتی حصوں سمیت صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بجلی کی فراہمی کئی گُنا بہتر ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابلِ اعتماد ، تقسیم کی کارکردگی ، وولٹیج پروفائل ، خرابیوں میں کمی اور وولٹیج کی مختلف حالتوں کو بھی بہتر بنائے گا ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس سے وادی میں اور خاص طور پر جنوبی کشمیر میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کو ہموار کرنے میں بڑی مدد ملے گی ۔ مشیر نے کہا کہ گرڈ سٹیشن کو بڑھانے کے ساتھ سردیوں کے دوران بجلی کے منظر نامے میں قابلِ ذکر بہتری آئے گی ۔ مشیر نے یہ بھی کہا کہ 220/132 کے وی گرڈ سٹیشن دیلینا پر کام بھی جاری ہے اور بہت جلد مکمل ہو جائے گا اور وادی میں بجلی کی دستیابی بہتر ہو گی۔ چیف انجینئر پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ حشمت قاضی نے اضافہ کے عمل کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار ہو گا کہ 220/132 KV, 105 MVA سنگل فیز آٹو ٹرانسفارمرز کو متعلقہ آلات اور لوازمات کے ساتھ کشمیر میں کہیں بھی نصب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر گرڈز کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کے ساتھ میر بازار سے منسلک گرڈ ز کی گنجائش 650 ایم وی اے تک بڑھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اضافے سے لوڈ شیڈنگ میں کمی آئے گی اور کہا کہ اننت ناگ ، کولگام ، بانہال ، شوپیاں ، لاسی پورہ کے علاقے مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گرڈ سٹیشن پامپور 220 کے وی کو بھی فارغ کیا جائے گا کیونکہ اس کا 220 کلو واٹ گرڈ سٹیشن زینہ کوٹ اور آلسٹینگ پر بہت بڑا اثر ہے اس طرح پوری وادی کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔