کولگام:لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے آج کے پی کالونی ویسو کا دورہ کیا اوراُنہوں نے ویسو ویلفیئر کمیٹی کے زیر اہتمام ثقافتی پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔اِس موقعہ پر جنم اَشٹمی اور کرشن جی سے متعلق اَطفال اور چھوٹے بچوں نے گیت اور رقص پروفارمنس پیش کیا۔ اِس موقعہ پر کالونی کے مکینوں نے مشیر موصوف کو مختلف مسائل گوش گزار کئے جن میں ناکافی رہائش ، پروموشن اور وزیر اعظم پیکیج کے تحت تعینات ملازمین کی بین الضلعی منتقلی شامل ہیں۔اُنہوں نے اَپنے وارڈوں کے لئے کے وی سکول کے قیام کا مطالبہ کیا۔ مشیر فاروق خان نے اَپنے خطاب میں بچوں کے ٹیلنٹ کو سراہا اور اُنہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ اِس ٹیلنٹ کو ٹیپ کیا جائے ۔اُنہوں نے کشمیر پنڈتوں کو سب سے آگے رہنے اور ان تمام لوگوں کو واپس لانے کے حکومت کے خواب کو سچ کرنے پر مبارک باد دی جو نوے کی دہائی کے اوائل میں وادی چھوڑ گئے تھے۔مشیر فاروق خان نے مزید کہا کہ حکومت ان تمام لوگوں کو واپس لانے کے لئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے لوگوں کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل اور مطالبات کو بغور سنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔اُنہوں نے کے پی کالونی میں کے وی سکول کے قیام کے بارے میں کہا کہ اِس پر غور کیا جائے گا لیکن اُنہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اَپنے وارڈ پہلے سے قائم سکول میں بھیج دیں جہاں دیگر کمیونٹی کے بچے بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیںتاکہ بھائی چارے کو برقرار رکھا جائے اور بچے وہی ماحول حاصل کریں جو 90 کی دہائی سے پہلے تھا۔دورے کے دوران مشیر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ ، ایس ایس پی کولگام گریندر پال سنگھ اور دیگر اَفسران بھی تھے۔