سرینگر :بزرگ علیحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کے انتقال کے چھ روز بعد سرینگر اور بڈگا م میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات بحال کر دی گئی ہے اورا س طر ح سے اب وادی کشمیر کے تمام اضلاع میں انٹر نیٹ سہولیات بحال کر دی گئی ہے ، ادھر آئی جی پی کشمیر کا کہنا تھا کہ انٹر نیٹ بند رہنے سے طلبہ کو ہوئی پریشانیوں کیلئے معذرت خواہ ہے ۔ سی این آئی کے مطابق بزرگ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی طویل علالت کے بعد یکم ستمبر رات دیر گئے حیدر پورہ کی رہائش گاہ پر داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ۔ سید علی شاہ گیلانی کے انتقال کے ساتھ ہی وادی کشمیر میںبندشوں کا نفاذ عمل میںلایا گیا جس کے ساتھ ہی کالنگ اور موبائیل انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی گئی اگرچہ دو دن بعد کالنگ سہولیات بحال کر دی گئی تھی تاہم موبائیل انٹر نیٹ خدمات پانچ روز بعد سوموار کی شام دیر گئے بحال کر دی گئی ۔ اس ضمن میں پولیس نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ سرینگر اور بڈگام اضلاع کو چھوڑ کر وادی کے دیگر اضلاع میں سوموار کی شام 7بجے موبائیل انٹر نیٹ خدمات بحال کر دی جائے گی جس کے چلتے خدمات کو بحال کر دیا گیا ۔جبکہ ساتھ ہی اعلان کیا گیا تھا کہ سرینگر اور بڈگام میں منگل کے شام سہولیات بحال کی جائے گی جس کے چلتے سرینگر اور بڈگام اضلاع میں منگل کی شام کو موبائیل انٹر نیٹ خدمات بحال کر دی گئی ۔ ادھر وادی کشمیر میںموبائیل انٹر نیٹ خدمات کی بحال کے ساتھ ہی صارفین نے راحت کی سانس لی جبکہ آن لائن کلاسز میںشامل ہونے والے بچوں کو بھی بڑی راحت ملی ۔ اسی دوران آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انٹر نیٹ خدمات کی معطلی سے طلبہ کو ہوئی پریشانیوں کیلئے معذرت خواہ ہے ۔