سری نگر// حکومت نے جموں وکشمیرمیں جاری150سال پرانی ششمائی دربارمئوروایت کوعملاًختم کرتے ہوئے سیول سیکرٹریٹ سے وابستہ تمام افسروں اورملازمین کوحکم دیاہے کہ وہ سرمائی دارالحکومت جموں اورگرمائی دارالحکومت سری نگرمیں الاٹ کردہ سرکاری کوارٹروں یعنی رہائش گاہوں کو3ہفتے کے اندراندخالی کردیں ۔خیال رہے لیفٹنٹ گورنرمنوج سنہا نے 20جون کویہ اعلان کیاتھاکہ جموں وکشمیرکی انتظامیہ مکمل طورپر’’ای آفس‘‘منتقل ہوگئی ہے اوراس طرح سے ششمائی یعنی سال میں دوبار دربارمئو کاعمل ختم ہوگیاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق کمشنر سیکرٹری برائے ایسٹیٹس ڈیپارٹمنٹ ایم راجو(آئی اے ایس )کی جانب سے 29جون 2021کوجاری کردہ گورنمنٹ آرڈر زیرنمبر113-Estآف2021میں 20،25اور26اپریل کوجاری کردہ حکومتی احکامات کاحوالہ دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ سیول سیکرٹریٹ سے وابستہ جوافسراورملازمین اسوقت سری نگرمیں تعینات ہیں ،اُن کوجموں شہرمیں فراہم کردہ سرکاری کوارٹروں یارہائش گاہوں کی الاٹمنٹ کی منسوخی کومنظوری دی گئی ہے اوراسی طرح سے سیول سیکرٹریٹ سے وابستہ جوافسراورملازمین فی الوقت جموں میں تعینات ہیں ،اُن کوسری نگرمیں فراہم کردہ سرکاری کوارٹروں یارہائش گاہوں کی الاٹمنٹ کیمنسوخی کومنظوری دی گئی ہے۔سرکاری آرڈرمیں ضمیمہ اے اوربی کاحوالہ دیتے ہوئے سیول سیکرٹریٹ سے وابستہ تمام افسروں اورملازمین کویہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جموں شہراورسری نگرمیں الاٹ کئے گئے سرکاری کوارٹروں کوتین ہفتوں کے اندراندرخالی کردیں ۔حکومت جموں وکشمیرکی جانب سے سیول سیکرٹریٹ سے وابستہ افسروں وملازمین کی تعیناتیوں اوراُنھیں سرکاری رہائش گاہیں الاٹ کئے جانے سے متعلق حالیہ دنوں میں جاری کئے گئے احکامات سے اب یہ واضح ہوجاتاہے کہ جموں وکشمیرمیں 1872سے رائج ششمائی دربارمئو کی روایت ختم کردی گئی ہے ۔سرکار نے ایسا بندوبست یاانتظام کیا ہے کہ اب سال کے12مہینے سیول سیکرٹریٹ کے دفاتر جموں اورسری نگرمیں کام کرسکتے ہیں ۔اس اقدام سے حکومت کوسال میں 2مرتبہ ہونے والے دربارمئو پرآنے والے تقریباً200کروڑروپے کے اضافی اخراجات سے نجات مل جائیگی ۔اس حوالے سے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے حال ہی میں کہا تھاکہ ششمائی دربارمئو کے عمل یامشق کوختم کرنے سے جو200کروڑ روپے بچ جائیں گے ،اس رقم کوسماج کے کمزورطبقوں کی فلاح وبہبود پرخرچ یاصرف کیا جاسکتا ہے ۔خیال رہے جموں وکشمیرمیں ششمائی دربارمئو کی روایت سال1872سے رائج تھی ،جسکے تحت موسم سرماکے چھ ماہ کے دوران سیول سیکرٹریٹ سمیت حکومت اورانتظامیہ کے تمام اہم دفاتر جموں میں کام کرتے تھے ،اورموسم گرما کے چھ ماہ یہ سارے دفاتر سری نگرمیں کام کیا کرتے تھے ،لیکن موجودہ یوٹی انتظامیہ نے مہاراجہ گلاب سنگھ کے دورمیں رائج تقریباً150سال پرانی روایت کوختم کردیاہے ۔