سری نگر، یکم جولائی (یو این آئی) وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام سے جموں کے بانہال تک چلنے والی ریل سروس جمعرات کو قریب سات ہفتوں کے بعد جزوی طور بحال کر دی گئی ہے۔تاہم بڈگام سے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ تک چلنے والی ریل سروس ہنوز معطل ہے۔بتا دیں کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے کورونا کی دوسری لہر میں تیزی کے ساتھ ہی 10 مئی کو وادی کشمیر میں ٹرین سروس معطل کر دی تھی۔ایک ریلوے عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ بڈگام – بانہال ریل سروس جمعرات کو جزوی طور بحال کر دی گئی تاہم صرف پچاس فیصد مسافروں کو ہی ٹرین میں سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس ٹریک پر دن میں صرف چار ریل گاڑیاں چلیں گی جن میں دو صبح کے وقت اور دو شام کے وقت چلیں گی۔موصوف نے کہا کہ بڈگام – بارہمولہ ٹرین سروس فی الوقت بند ہی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اس ٹریک پر ٹرین سروس بحال کرنے کا فیصلہ صورتحال کا سر نو جائزہ لینے کے بعد ہی لیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح شیڈول کے مطابق پہلی ٹرین نوگام سری نگر کے راستے سے بانہال سے بڈگام پہنچی۔نوگام اسٹیشن پر ٹرین کے انتظار میں بیٹھے لوگوں نے ٹرین سروس کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین سفر نہ صرف سستا ہے بلکہ اس میں وقت بھی بہت کم صرف ہوتا ہے۔محمد علی نامی ایک مسافر نے بتایا کہ مجھے دفتر جانے کے لئے کافی سفر کرایہ خرچ ہوتا تھا اور صبح سویرے گھر سے نکلنا پڑتا تھا اور شام کو دیر گئے واپس لوٹتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ٹرین سروس کی جزوی بحالی سے میرا پیسہ بھی بچے گا اور وقت بھی۔ایک اور مسافر نے کہا کہ ٹرین سروس مزدور طبقے سے وابستہ لوگوں کے لئے زیادہ فائدہ بخش ہے۔انہوں نے کہا کہ سومو گاڑی میں سفر کرنے سے ہماری ایک ہفتے کی مزدوری میں سے کم سے کم دو دن کی مزدوری سفر پر ہی صرف ہو جاتی ہے جبکہ ٹرین میں سفر کرنے سے کافی سفر کرایہ بھی بچتا ہے اور وقت بھی۔