سری نگر،13 ستمبر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب بادل پھٹنے کے واقعے میں خاندان کے پانچویں فرد کی لاش پیر کی صبح بر آمد کی گئی۔بتادیں کہ رفیع آباد علاقے میں بادل پھٹنے کے اس واقعے میں ایک ہی کنبے کے چار افراد جاں بحق جبکہ ایک لاپتہ ہو گیا تھا۔ مہلوکین میں تین کمسن بچے شامل تھے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے رفیع آباد کے بالائی علاقہ حمام مرکوٹ میں ایک خیمے میں رہائش پذیر خانہ بدوش کنبے جو گذشتہ شب بادل پٹنے کی زد میں آیا تھا، کے پانچویں فرد کی لاش کو بر آمد کیا ہے۔انہوں نے متوفی کی شناخت 80 سالہ محمد بشیر کھاری ساکن نوشہرہ راجوری کے بطور کی ہے جو اس کنبے کا سرپرست تھا۔ان کا کہنا تھا کہ محمد بشیر کھاری کی لاش کی بر آمدگی کے ساتھ ہی بچاؤ آپریشن بھی ختم کیا گیا ہے۔رفیع آباد کے حمام مرکوٹ علاقے میں بادل پٹھنے کا یہ واقع پیش آتے ہی جموں و کشمیر پولیس اور ایس ڈی آر ایف ٹیمیں جائے موقع پر پہنچی تھیں اور بچاؤ آپریشن شروع کیا تھا۔ان ٹیموں نے اتوار کے روز ہی کنبے کے چار افراد کی لاشوں کو بر آمد کیا تھا جبکہ پانچویں فرد کی تلاش جاری تھی۔ (یو این آئی)