سرینگر//نگران ڈیسک //سرحدی قصبہ ہندوارہ کے تارتھ پورہ رمحال گائوں میں جمعرات کو ایک پراسرار دھماکہ میں ایک کمسن لڑکی جاں بحق ہوئی۔ حادثہ کے دوران ایک ہی کنبہ کے مزید 5افراد بھی شدید زخمی ہوگئے جنہیں علاج و معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔سرکاری ذرائع نے خبررساں ادارہ جی این ایس کو بتایا کہ غلام محمد وانی کے مکان میں ہوئے پراسرا دھماکہ میں 17سالہ شبنم بانو جاں بحق ہوئی جبکہ گھر میں موجود مزید 5افراد بھی دھماکہ کی زد میں آکر زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی افراد کو وقت ضائع کئے بغیر ہی نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا جہاں اُن کا علاج و معالجہ جاری ہے۔ادھر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کنبہ کباڑ کی تجارت سے وابستہ ہے اور عین ممکن ہے کہ جمع کئے گئے کباڑ میں کوئی شل موجود ہونے کی وجہ سے ہی یہ حادثہ رونما ہوا ہو۔ادھر پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ حادثہ کی بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ صورتحال کا مشاہدہ کرنے کے بعد یہ بات عیاں ہوگئی ہے اس میں جنگجوئیت کا کوئی عنصر شامل نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاملہ کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔