سرینگر:ونپوہ کولگام میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ریلوے پولیس کانسٹیبل پر نزدیک سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی گئی ہے۔ یو پی آئی کے مطابق ونپوہ کولگام میں’’سیم فورڈ اسکول ‘‘کے نزدیک مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ریلوے پولیس کانسٹیبل جس کی شناخت بنٹو شرما ولد ناتھ جی کے بطور ہوئی ہے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہو کر نیچے گر پڑا چنانچہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی پولیس اہلاکر کو ضلع اسپتال اننت ناگ منتقل کیا جہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ پولیس اور فوج نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ پولیس اہلکار کے سینے میں کئی گولیاں پیوست تھیں جس کے نتیجے میں اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی ہے۔ ادھر پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ونپوہ کولگام میں ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ خانیار میں پولیس آفیسر کی ہلاکت کے بعد یہ دوسرا ایسا واقع ہے جس میں ملی ٹینٹوں نے نزدیک سے پولیس اہلکار پر گولیاں چلائیں ۔ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے نیہامہ علاقہ میںشام دیر گئے مشتبہ جنگجوئوں نے ایک غیر ریاستی مزدور پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے اسے موقعہ پر ہی ہلاک کردیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جمعہ کی شام دیر گئے مشتبہ جنگجوئوں نے نہامہ کولگام میں 35سالہ غیر ریاستی مزدور شنکر چودھری ساکن بہار پر نزدیک سے گولیاں چلا کراسے شدید زخمی کردیا۔ اس موقعہ پر زخمی غیر ریاستی مزدور کو فوری طور پر ضلع ہسپتال کولگام پہنچایا گیا جہاں تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ضلع ہسپتال کولگام ڈاکٹر مظفر زرگر نے ذرائع ابلاغ کیساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ شنکر نامی غیر ریاستی مزدور کے سر میں گولیاں پیوست ہوچکی تھیں جس کے نتیجے میں اس کے جسم سے کافی خون بہہ چکا تھا جو اس کی ہلاکت کا سبب بن گئی۔ ادھر پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ واقعہ سے متعلق ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس دوران فورسز کی مختلف ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران نے جائے حادثہ پر پہنچ کر صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لینے کیساتھ ساتھ علاقہ کا وسیع پیمانے پر محاصرہ کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔