سرینگر :جموں و کشمیر میں مرکزی وزراء کی عوامی رسائی کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت وزیر اعظم آفس ( پی ایم او ) ، سائینس اور ٹیکنالوجی ، ارتھ سائینسز اور خلائی ٹیکنالوجی ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج ضلع سرینگر کے علاقہ کھنموہ کا وسیع دورہ کیا ۔ وزیر کے ساتھ لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان، پرنسپل سیکرٹری سائینس اینڈ ٹیکنالوجی آلوک کمار ، ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد ، پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر سمعیہ راشد اور مختلف محکموں کے دیگر متعلقہ افسران بھی تھے ۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ڈی آر ڈی او ہسپتال کھنموہ کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کا معائینہ کیا ۔ وزیر نے ہسپتال کا تفصیلی چکر لگایا اور مریضوں کے داخلے اور ان مریضوں کی حالت کے بارے میں دریافت کیا جو اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ اس موقع پر ایم او ایس نے پرنسپل جی ایم سی اور ڈی سی سرینگر سے کہا کہ وہ ہسپتال میں ایک ڈائیلسیس سنٹر قائم کریں جس کے ساتھ سینٹر کو آسانی سے چلانے کیلئے ڈاکٹروں اور ٹیکنیشنوں کی مطلوبہ تعداد موجود ہو ۔ دریں اثنا ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے انڈسٹریل اسٹیٹ سڈکو ون کا دورہ کیا اور ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی ممبران ، سرپنچوں ، پنچوں اور مختلف صنعتی ایسوسی ایشنوں جیسے انڈسٹریل ایسوسی ایشن کھنموہ ، اسٹون کواری ایسوسی ایشن ، خاتون انٹرپرنیورز ایسوسی ایشن ، ایس ایچ جی ممبران اور بڑی تعداد کے ساتھ مقامی لوگوں کے ساتھ طویل بات چیت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قابل قیادت میں کام کی ثقافت بدل گئی ہے اور ترقی کی حرکیات میں بہتری آئی ہے ۔ جموں و کشمیر کے صنعتی شعبے کیلئے مرکزی حکومت کے مختلف اقدامات کے بارے میں روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر نے کہا کہ نئی صنعتی پالیسی یہاں کے صنعتی شعبے کا چہرہ بدل دے گی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر خان نے کہا کہ تین درجے کا پی آر آئی سسٹم بنانے سے موجودہ حکومت نے عوام اور انتظامیہ کے درمیان ایک انٹر فیس قائم کیا ہے ۔ دریں اثنا ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سینٹر آف ایکسی لیشن زاوورہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ کثافت اور درآمد شدہ مختلف قسم کے پھلوں کیے سٹالوں کی نمائش کا افتتاح کیا اور ترقی پسند کسانوں سے بات چیت بھی کی ۔ وائس چئیر پرسن کے وی آئی بی ڈاکٹر حنہ شفیع بھٹ ، ڈی سی سرینگر محمد اعجاز اسد ، ڈائریکٹر جنرل ہارٹیکلچر اعجاز احمد بھٹ ، پی آر آئی کے نمائندے ، ترقی پسند کسان اور مقامی افراد کی بڑی تعداد اس موقعہ پر موجود تھی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اعلیٰ درجے کی پھلوں کی پیداوار کی وسیع صلاحیت موجود ہے اور اس علاقے کی پھلوں کی پیداوار کو بڑے پلیٹ فارم پر دکھانے کی ضرورت ہے تا کہ باہر سے زیادہ سے زیادہ خریدار اس طرف راغب ہوں ۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ترقی پسند کسانوں کے ساتھ بات چیت بھی کی ۔ ایم او ایس نے ان میں سبسڈی چیک اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے ۔